کراچی ،ایم ڈی واٹربورڈ نے شہریوں کی شکایات کے ازالے اور پانی و سیوریج کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اعلی سطح کی خصوصی کمیٹی قائم کردی

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین واٹربورڈ جام خان شورو کی ہدایت پر ایم ڈی واٹربورڈ نے شہریوں کی شکایات کے ازالے اور انہیں پانی و سیوریج کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک اعلی سطح کی خصوصی کمیٹی قائم کردی ہے جو پانی و سیوریج کے مسائل، واٹر بورڈ ملازمین کیخلاف ملنے والی شہریوں کی شکایت کے تدارک، کرپشن سے متعلق امور کی تحقیقات کرے گی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات و چیئرمین نے ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید کو واٹربورڈ سے متعلق شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے جس پر ایم ڈی واٹربورڈ نے فوری طورپر 6رکنی کمیٹی قائم کردی ہے کمیٹی شہریوں کو دستیاب پانی کی فراہمی اور سیوریج سے متعلق ملنے والی عوامی شکایات کا جائزہ لے کر کارروائی کرے گی ،کمیٹی کے فرائض میں پانی و سیوریج سمیت بلوں کی درستگی کیلئے واٹربورڈ کے دفاتر آنے والے شہریوں سے واٹربورڈ ملازمین کے رویوں اور ان کی فوری مدد نہ کرنے یا مختلف نوعیت کے کاموں کیلئے شہریوں سے مبینہ طور پر رشوت طلب کرنے اور بدعنوانی سے متعلق شکایات پر تحقیقات کرے گی، نیز ذمہ داروں کیخلاف فوری کارروائی کی سفارش بھی اس کے فرائض میں شامل ہیں ،کمیٹی کے کنوینئر سپرنٹنڈنگ انجینئر غلام قادر عباس کو بنایاگیا ہے ،ڈائریکٹر لیگل افئیر کمیٹی کے سیکرٹری ہوں گے جبکہ اراکین میں سپرنٹنڈنگ انجینئر اویس ملک ،ڈائریکٹر آئی اینڈ سی تحسین منظر ، اے او بکس تراب علی خان ، اور ڈپٹی ڈائریکٹر اے اینڈ ای ناصر احمد مگسی شامل ہیں ، اس ضمن میں ایم ڈی واٹربورڈ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ایم ڈی واٹربورڈنے کہا ہے کہ واٹربورڈ میں بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ،اپنی شکایات کے ازلے کیلئے آنے والے شہریوں سے واٹربورڈ کے افسران اور دیگر اہلکاروں کو بہتر رویہ اپنانا چاہیئے انہوں نے کہا کہ شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش نہ آنے والوں اور کسی بھی قسم کی بدعنوانی میں ملوث پائے جانے والے ملازم کیخلاف کمیٹی کی سفارش پر بھر پور کارروائی ہوگی۔

#

متعلقہ عنوان :