انسانی زندگیوں کو محفوظ کرنے کے لیے 5 دسمبر سے ضلع بھر میں مسافر وینوں اور اسکول سوزوکیوں سے گیس سیلنڈر ہٹانے کی بھرپور مہم شروع کی جائے گی، معتصم عباسی

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:14

حیدرآباد2دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد معتصم عباسی نے کہا ہے کہ انسانی زندگیوں کو محفوظ کرنے اور سندھ ہائی کورٹ کی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے پیر 5 دسمبر سے ضلع حیدرآباد میں مسافر وینوں اور اسکول سوزوکیوں سے گیس سیلنڈر ہٹانے کی بھرپور مہم شروع کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے اپنے کیمپ آفس میں متعلقہ محکموں کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ انسانی زندگیوں کا کوئی نعم البدل نہیں ہے اس لیے ضلعی انتظامیہ کی یہ اولین ذمے داری اورفرض ہے کہ وہ انسانی زندگیوں کو محفوظ بنائے اس ضمن میں مسافر وینوں اور اسکول سوزوکیوں سے گیس سیلنڈر نکالنے کے لیے ماہانہ شیڈول جاری کیا جائے گا جس کے تحت پیر 5 دسمبر کو تعلقہ قاسم آباد ، منگل 6 دسمبر کو سٹی حیدرآباد بدھ 7 دسمبر کو تعلقہ لطیف آباد اور جمعرات 8 دسمبر کو تعلقہ حیدرآباد میں مسافر وینوں اور اسکول سوزوکیوں سے گیس سیلنڈر نکالنے کی مہم شروع کی جائے گی اس ضمن میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر ، ڈی ایس پی ، سیکریٹری آر ٹی اے اور ٹریفک کے ایس او پر مشتمل ایک چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جو کہ مسافروں اور طلبہ و طالبات کو پک اپ اور ٹراپ کرنے کے مقامات پر پہنچ کر مسافر وینوں اور اسکول کی سوزوکیوں سے گیس سیلنڈر نکالے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے ضلع کے چاروں اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ ہائی کورٹ کے احکامات کی پاسداری کرتے ہوئے ضلع بھر میں قائم سی این جی اسٹیشنوں کے مالکان کو نوٹس جاری کر کے اس بات کا پابند بنائیں کہ وہ مسافر وینوں اور اسکول کی سوزوکیوں کو سی این جی اور ایل پی جی گیس فراہم نہ کریں اگر اس کے باوجود سی این جی اسٹیشنوں کے مالکان سندھ ہائی کورٹ کی ہدایت کی خلاف ورزی کریں تو ان سی این جی اسٹیشنوں کو سیل کیا جائے۔

ضلع حیدرآباد کے سٹی ، قاسم آباد اور لطیف آباد میں تجاوزات ہٹانے کی جاری مہم کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کے مفاد میں اپنی اپنی تحصیل میں تجاوزات کو ہٹانے کی جاری مہم کو مزید تیز کریں اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کا دباؤ کو قبول نہ کریں اور اپنا کام جاری رکھیں تاکہ شہریوں کو اپنی معمول کی زندگی میں کوئی تکلیف اور پریشانی نہ ہو اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو حیدرآباد شکیل ابڑو ، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات حیدرآباد شاہ محمد مغل ، اسسٹنٹ کمشنر سٹی حیدرآباد نظام الدین جتوئی ، اسسٹنٹ کمشنر قاسم آباد حیدرآباد فدا شورو ، اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد حیدرآباد انور پنہور، اور مختارکار تعلقہ دیہی حیدرآباد عبدالکریم خاصخیلی ، سیکریٹری آر ٹی اے حیدرآباد اوقاش خالد میمن ، ایس پی ہیڈ کوارٹر حیدرآباد اورنگزیب عباسی کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :