سوئی سدرن گیس کمپنی کا سی ایس آر پروگرام کے تحت مرکز امید میں تعمیراتی کام کیلئے عطیہ

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:11

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) سوئی سدرن گیس کمپنی نے اپنے سی ایس آر پروگرام کے تحت ذہنی اور جسمانی معذور بچوں کی تعلیم وتربیت کے معروف ادارے مرکز امید کے اسپیشل چلڈرن کی ابتدائی تشخیص کیلئے نئے بلاک کی تعمیر کیلئے مالی امداد کی ہے۔ جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں سوئی سدرن کی انتظامیہ کی جانب سے شہباز اسلام ہیڈ آف کارپوریٹ کمیونیکیشنز، کرنل شعیب احمد قریشی ایکٹنگ جنرل منیجر (ایڈمن) سلمان احمد صدیقی ڈپٹی جنرل منیجر (سی سی ڈی) ، محمد علی گوہر چیف منیجر میڈیا ریلیشن اور سی ایس آر ٹیم نے مرکز امید کا 2 دسمبر 2016ء کو دورہ کیا۔

شہباز اسلام نے تعمیری کام کیلئے مالی امداد کا چیک مرکز امید کے ڈائریکٹر زیشان صدیقی کے حوالے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہباز اسلام نے اس تعلیم گاہ کیلئے آئندہ بھی تعاون کرنے کا عندیہ دیا جبکہ سلمان احمد صدیقی نے مرکز امید کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس ادارے کی سرپرستی کرنی چاہئے تاکہ مستحق اور معذور بچوں اور بچیوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کے عمل کو تسلسل حاصل ہوسکے۔

رنگا رنگ لباس میں ملبوس ذ ہنی معذور بچوں /بچیوں نے علاقائی ثقافتی ٹیبلوز پیش کئے اور وہاں موجود حاضرین سے داد وصول کی ۔اس موقع پر زیشان صدیقی نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیم کو اپنے ادارے کا تفصیلی دورہ کرایا اور کمپنی کے تعاون پر اسکی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ کمپنی آئندہ بھی سرپرستی کرتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :