یونیورسٹی آف تربت کا ریسرچ جرنل گدروشیا اور تربت یونیورسٹی کے شعبہ بلوچی کا ریسرچ جرنل میری کا نیا شمارہ شائع

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:09

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء)یونیورسٹی آف تربت کا ریسرچ جرنل گدروشیا اور تربت یونیورسٹی کے شعبہ بلوچی کا ریسرچ جرنل میری کا نیاشمارہ شائع ہوچکے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف تربت کے زیر انتظام نکلنے والا سالانہ ریسرچ جرنل گدروشیاسال 2015جبکہ تربت یونیورسٹی شعبہ بلوچی کے زیر انتظام نکلنے والا سالانہ ریسرچ جرنل میری سال 2015شائع ہوچکے ہیں جس میں تاریخ اور عہد حاضر کے علاقائی ملکی اور عالمی اہمیت کے مختلف موضوعات پرتربت یو نیورسٹی کے نوجوان ریسرچ سکالرز اور دیگر نامور محققین کے تحقیقی مضامین شامل ہیں۔

اس سے پہلے ریسرچ جرنل گدروشیا کے دو شمارے سال 2013اورسال2014جبکہ ریسرچ جرنل میری کا ایک شمارہ سال 2014 پہلے ہی شائع ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں ریسرچ جرنلز کے اگلے شماری سال 2016کے لئے ملکی اور عالمی شہرت یافتہ ریسرچ سکالرز اور محققین کی طرف سے تحقیقی مضامین ریسرچ جرنل کے مدیران کو ارسال کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔جو تکمیل کے مراحل میں ہیں اور بہت جلد شائع کیا جائیں گے۔

ملکی سطح پر تربت یونیورسٹی کو یہ امتیاز اور اعزاز حاصل ہے کہ تین سال پہلے اپنی قیام کے ساتھ ہی یہاں ریسرچ جرنل کی اشاعت کا سفر شروع کیا گیاجو کامیابی کے ساتھ جاری وساری ہے جس کا کریڈٹ تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کو جاتاہے۔یونیورسٹی کو کامیابیوں سے ہمکنار کرنے میں ریسرچ جرنل کی اہمیت کا ادراک کرتے ہوئے و ائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابرنے اپنا عہدہ سنبھالتے ہی اپنی ٹیم کے ہمراہ یونیورسٹی میں تحقیقی سرگرمیوں کو پروان چڑھانے میں خصوصی اقدامات اٹھائے جس میں ریسرچ جرنلزکی اشاعت سرفہرست ہے۔