عوامی تحریک یوتھ ونگ کا ’’ضرب امن وتبدیلی نظام سائیکل کاروان‘‘4دسمبرکو لاہو ر پہنچے گا

پاکستان عوامی تحریک اورمنہاج القرآن کے رہنماء دوپہر 12بجے لاہور پریس کلب کے سامنے استقبال کریں گے

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء) عوامی تحریک یوتھ ونگ کا ’’ضرب امن وتبدیلی نظام کاروان‘‘ ملک کے 50بڑے شہروں سے ہوتا ہوا 4دسمبرکو لاہو ر پہنچے گا، کاروان کا دوپہر 12بجے لاہور پریس کلب کے سامنے فقید المثال استقبال کیا جائے گا، پاکستان عوامی تحریک، منہاج القرآن ، مختلف سیاسی، مذہبی، سماجی، مزدور، طلباء ، وکلاء اور کسان رہنما ضرب امن کاروان کا استقبال کریں گے، امن کاروان میں شامل درجنوں سائیکل سواروں نے سبز ہلالی پرچم تھامے ہوں گے ، وہ امن ، محبت اور دہشت گردی میں شہید ہونے والے افواج پاکستان کے جوانوں اور معصوم شہریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے ، کاروان کے استقبال اور انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کے صدر حاجی فرخ اور منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید کی صدارت میںمرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے اجلا س میں انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، اجلا س میں اشتیاق حنیف مغل، عمر اعوان ، شیخ عتیق الرحمن ، ساجد اصغر، حافظ صفدر علی ودیگر موجود تھے، حاجی فرخ نے کہا کہ یوتھ ونگ کے امن کاروان کا شاندار استقبال کیا جائے گا ، کاروان کا مقصد اور پیغام یہ ہے کہ قیام امن اور نظام کی تبدیلی کے لیے پوری قوم کو کردار ادا کر نا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ضرب امن کاروان میں شامل نوجوان شہر شہر پیغام دے رہے ہیں کہ زندہ قومیں اپنے شہیدوں کو یا د رکھتی ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولتیں، سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہید بچے ہمارا فخر ہیں، کاروان 16دسمبر کو پشاور پہنچ کر شہدائے آرمی پبلک سکول کو خراج تحسین پیش کرے گا، انہوںنے کہا کہ امن کاروان لاہور پہنچے کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والے کے لیے انصاف اور قصاص کا مطالبہ کرے گا، امن کاروان ملک کو نا انصافی ، بے روز گاری اور دہشت گردی کا تحفہ دینے والے حکمرانوں اور فرسودہ نظام کو بدلنے کا مطالبہ کرے گا۔

متعلقہ عنوان :