شریف برادران کو سانحہ ماڈل ٹائون کیس میں سزا ملے گی ‘ڈاکٹر طاہر القادری

کابینہ اور مکمل حکومتی مشینری وزیر اعظم کی کرپشن چھپانے کے ایجنڈے تک محدود ہو چکی حکمرانوں کے پاس پیسہ باہر لے جانیوالی منی ٹرین ہے ’’ منی ٹریل‘‘ نہیں،کینیڈا سے روانگی پر گفتگو

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:05

شریف برادران کو سانحہ ماڈل ٹائون کیس میں سزا ملے گی ‘ڈاکٹر طاہر القادری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ شریف برادران کو سانحہ ماڈل ٹائون کیس میں سزا ملے گی ،بے گناہوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔شہدا کا خون پوری تحریک پر قرض ہے ،آخری سانس تک انصاف بشکل قصاص کیلئے لڑیں گے ۔کابینہ اور ساری حکومتی مشینری وزیر اعظم کی کرپشن چھپانے کیلئے یک نکاتی ایجنڈے تک محدود ہو چکی ،حکمرانوں کے پاس پیسہ باہر لے جانیوالی منی ٹرین تو ہے مگر ’’ منی ٹریل‘‘ نہیں ۔

اقتصادی راہداری منصوبہ کے زگ زیگ ٹریک کی شناخت تو ممکن ہے مگر لندن فلیٹس کس پیسے سے خریدے گئے یہ جاننے اور دیکھنے کیلئے ابھی کوئی ’’ ٹیلی سکوپ‘‘ ایجاد نہیں ہوئی۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کینیڈا سے کراچی کیلئے روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرل لیکس کے معاملے کو دفن کرنے کے بعد سول حکومت نے قومی ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے ’’نظر ثانی‘‘ پر غور شروع کر دیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ہماری ساری توجہ سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کے انصاف پر ہے ۔2 سال گزر جانے کے بعد بھی ہمیں انصاف ملا نہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ۔شہداء کے ورثا کو انصاف اس لئے نہیں مل رہا کیونکہ جرم کرنے والے طاقتور اور اقتدار میں ہیں ۔قائد اعظم کے پاکستان میں اندھا قانون مجرم کی شکل و صورت اور حیثیت دیکھ کر حرکت میں آتا ہے ۔