موجودہ حکومت نے شروع دن سے ہی ملک کو درپیش بڑے مسائل کے حل پر بھر پور توجہ دی‘ آج پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف عالمی سطح پر کیا جا رہاہے

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ سے خطاب

جمعہ 2 دسمبر 2016 22:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے شروع دن سے ہی ملک کو درپیش بڑے مسائل کے حل پر بھر پور توجہ دی اور اس سلسلے میں ضروری لیکن مشکل اقدامات کئے، آج پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف عالمی سطح پر کیا جا رہاہے۔ وہ جمعہ کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔

قبل ازیں انیسٹیٹیوٹ فار سٹریٹیجک سٹڈیز، ریسرچ اینڈ انالیسز( آئی ایس ایس آر ای) آمد پر لیفٹینینٹ جنرل نذیز احمد بٹ، ڈائریٹر جنرل آئی ایس ایس آر اے میجر جنرل غلام قمر اور کالج کے سینئر حکام نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی اقتصادی پالیسی ، ملک کی معاشی صورتحال،اقتصادی نمو کے لئے اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میںشرکاء کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملکی معیشت کی بحالی اور اقتصادی استحکام کو ترجیح دی ہے۔ 2013 ء سے قبل ملک کو معاشی عدم استحکام، بجلی بحران اور سیکورٹی جیسے بڑے مسائل کا سامنا تھا‘ موجودہ حکومت کی جانب سے ضروری اور مشکل اقدامات کے نتیجے میں ان مسائل کے حل میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے حکومتی اصلاحات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت اور کاروبار کے مختلف شعبوں میں درجہ بندی بہت بہتر ہو گئی ہے جس کا اعتراف عالمی سطح پر کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ انرجی انفراسٹرکچر کی مضبوطی اور سیکورٹی صورتحال میں بہتری اعلٰی شرح نمو کے حصول کے لئے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ ورکشاپ کے شرکاء میں ارکان پا رلیمنٹ، سینئر فوجی اور سول افسران، سفارتکار اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :