پیپلز پارٹی کی حکومت آنے پر جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنائیں گے‘ نثار کھوڑو کا وعدہ

سی پیک کے 47 ارب ڈالر کے منصوبے میں سے سند ھ کو صرف پانچ فیصد دیا جارہا ہے ‘ بلاول ہائوس میں ورکرز کنونشن سے خطاب

جمعہ 2 دسمبر 2016 21:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر وصوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے پیپلز پارٹی کی حکومت آنے پر جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنا نے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم جان کی بازی لگا دیتے ہیں لیکن جو وعدہ کریں اسے پو را کرتے ہیں ،پاک چین اقتصادی راہداری سابق صدر آصف علی زرداری کا تحفہ ہے لیکن آج حکمرانوں نے اسے کھلونا بنا دیا ہے ،47ارب ڈالر کے اس منصوبے میں سند ھ کو صرف پانچ فیصد دیا جارہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے 49ویںیو م تاسیس کے موقع پر جنوبی پنجاب کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔نثار کھوڑو نے کہا کہ بلاول بھٹو آئے گا اور انقلاب لائے گا ۔ہمارے سیاسی مخالفین کہتے تھے کہ پیپلزپارٹی پنجاب سے ختم ہو گئی ہے ، یہ تنظیم سازی نہیں کر تی لیکن بلاول بھٹو نے اپنی تمام تنظیموں کو تحلیل کر نے کے بعد از سر نو تشکیل کر کے انہیںجھوٹا ثابت کردیا ۔

(جاری ہے)

جو سو گئے تھے جو نا راض تھے وہ بھی واپس آگئے ہیں ، میں دعوے سے کہتا ہوں پیپلزپارٹی ختم ہونے والی جماعت نہیں ۔ انہوں نے کہا یہاں جنوبی پنجاب کے حوالے سے بڑی ڈینگیں ماری گئیں ۔جب بھی پیپلزپارٹی کی حکومت آئے گی جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنا ئیں گے ، ہم وعدہ کر رہے ہیں ، ہم چھرا گھونپنے والے نہیں،ہم جان کی بازی لگا دیتے ہیں لیکن جو وعدہ کریں وہ پو را کرتے ہیں ۔

ہم نے کم ازکم تنظیمی طورپر تو جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بناکر دکھا دیا ،ہم نے تو وزیر اعظم بھی جنوبی پنجاب کا بنایا۔ جنوبی پنجاب والوں کی بھی خواہش ہے کہ انہیں رائیونڈ والوں سے چھٹکا رہ مل جائے ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ صدر آصف علی زرداری کا تحفہ ہے ، حکمرانوں نے اسے کھلونا بنا دیا ہے،آج اسے ملیا میٹ کرنے کی کو شش کی جا رہی ہے ،سندھ نے پاکستان بنانے میں سب سے پہلے کردار ادا کیا لیکن آج اسے حقوق نہیں دئیے جا رہے ، پاک چین اقتصادی راہداری کے 47ارب ڈالر کے منصوبے میں سندھ کو صرف پانچ فیصد دیا جا رہا ہے ۔ جب جنوبی پنجاب والوں کو نظر انداز کیا جا ئے گا تو وہ کیوں نہ الگ صوبہ بنانے کی بات کریں ۔