میئر کراچی وسیم اختر کا سو روزہ صفائی کی مہم کے سلسلے میں علیگڑھ کالونی سمیت اورنگی ٹائون کی مختلف یونین کونسلوں کا دورہ

جمعہ 2 دسمبر 2016 21:53

میئر کراچی وسیم اختر کا سو روزہ صفائی کی مہم کے سلسلے میں علیگڑھ کالونی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر سو روزہ صفائی کی مہم کے سلسلے میں جمعہ کی صبح ضلع غربی پہنچے جہاں انہوں نے علیگڑھ کالونی سمیت اورنگی ٹائون کی مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا اس موقع پر ان کے استقبال کے لئے شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ اے این پی، پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی، جے یو آئی (فضل الرحمان گروپ) دیگر سیاسی جماعتوں کے عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

میئر کراچی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یکم دسمبر کو شہر کے تین اضلاع میں صفائی ستھرائی کا کام شروع کیا تھا کراچی کے چوتھے ضلع کی منتخب یونین کونسلوں میں بھی صفائی کے کام کا آغاز کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کو صاف ستھرا بنانے کی مہم کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان ہمارا اتحاد جو قائم ہوا ہے وہ ثابت کرے گا کہ کراچی کی بہتری کے لئے سب یکجا ہوچکے ہیں اور تمام منتخب نمائندے اب شہر کی بہتری کے لئے سڑکوں پر نظر آئیں گے ، آج ہمارے بچے کچرے کے ڈھیر پر کھیل رہے ہیں اور دھواں ان کی سانسوں میں شامل ہو رہا ہے،یہاں ایک بزرگ خاتون سے ملاقات ہوئی جنہوں نے پاکستان بنتے دیکھا تھا وہ اس علاقے کی بہتری کے لئے مجھے ہدایات اور تجاویز دے رہی تھیں اور مجھے افسوس ہو رہا تھا کہ بدقسمتی سے ہم کام نہیں کرسکے جس کے لئے ہم اپنی اس نسل سے شرمندہ ہیں، میںکراچی کے تمام منتخب نمائندوں ، بیوروکریٹس اور افسران سے درخواست کروں گا کہ ان کاموں میں ہمارا ساتھ دیں اور نیک نیتی کے جذبے کے ساتھ اپنی آئندہ نسلوں کی بہتری کے لئے کام کریں، میئر کراچی نے کہا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سو روزہ صفائی مہم پر تعاون کا یقین دلایا ہے وہ خود بھی چاہتے ہیں کہ کراچی ترقی کرے، مجھے بڑی خوشی ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ہمارے کام کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ 100 روزہ صفائی مہم میں وہ ہمارے ساتھ ہیں اوروہ اس میں تعاون کریں گے، وزیر اعلیٰ سندھ میری مدد کریں ہم لیڈر بننے نہیں آئے بلکہ ہمیں کام کرنا ہے میں آپ سب کے سامنے ہوں وہ کام جو فوری نوعیت کے ہیں انہیں شروع کردیا گیا ہے اس مہم میں کراچی کے عوام ہمارے ساتھ ہیں پورا پاکستان دیکھے گا کہ ہم نے کام کرکے دکھایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہاں ’’نادرا‘‘ کے دفتر میں لوگوں کو شکایات ہیں انہیں دور ہونا چاہئے، میڈیا کے توسط سے تمام وفاقی اداروںسے درخواست کروں گا کہ وہ اس معاملے میں تعاون کریں جہاں مسئلہ نظر آئے گا میں وہاں پہنچوں گا اور جس دفتر سے مسئلہ ہوگا میں وہاں بغیر کسی پروٹوکول کے پہنچ جائوں گا، یونیورسٹی روڈ کی تعمیر کا ٹینڈر ابھی نہیں ہوا لیکن ہم فوری طور پر اس اہم سڑک کو موٹر ایبل بنا رہے ہیں ہمیں شہر بھر میں جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہے، وزیراعلیٰ سے درخواست کروں گا کہ کراچی کے لئے فنڈز فراہم کریں بے شک میرے توسط سے نہ کریں جس کو چاہیں دیں اور جس طرح چاہیں خرچ کریں لیکن خدارا کراچی پر خرچ کردیں تاکہ عوام کو درپیش مسائل جلد از جلد حل ہوں اور ان کی روزمرہ زندگی میں سہولیات مہیا ہوسکیں۔

#

متعلقہ عنوان :