12ربیع الاول کے جلوس کی نگرانی کیلئے سیکیورٹی پلان تشکیل،ڈپٹی کمشنر آغا شیرزمان خان

جمعہ 2 دسمبر 2016 21:40

صحبت پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 دسمبر2016ء)ڈپٹی کمشنرآفس صحبت پور میں ڈپٹی کمشنر آغا شیرزمان خان کی زیر صدارت 12ربیع الاول کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ضلع بھر کے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سمیت تمام سرکاری محکموںکے افسران اور نمائندگان نے شرکت کی ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ12ربیع الاول کے دن سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے جائیں گے پولیس کے ساتھ ساتھ ایف سی کو طلب کیا گیا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر کا اجلاس کے دوران کہنا تھا کہ 12ربیع الاول کے جلوس کی نگرانی کے لیے سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے ۔جلوسوں کی نگرانی کے لیے سیکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کیے جائیں گے ۔جس میں ضلع بھر کے مختلف تھانوں سے بھی اضافی نفری بھی بلائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

جلوس کے شرکاء کی جامعہ تلاشی کے بعد ان کو جلوس کے اندر جانے کی اجازت ہوگی پولیس کے ساتھ ساتھ رضاکار بھی جلوس کے شرکاء کی جامعہ تلاشی لیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر صفائی ستھرائی کے خاص انتظامات کیے جائیں گے ۔جلوسوں کے ساتھ ایمبولینس ،فائر برگیڈ ،کیسکو کا عملہ ،ڈاکٹرز اور رضاکاروں کے ساتھ ساتھ دیگر متعلقہ عملہ بھی شامل ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے ہمیں جلوسوں میں شامل ہونے والے افراد کی سیکیورٹی کے بارے میں سوچنا ہوگا ہمیں تمام انسانوں کی جانیں عزیز ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 12ربیع الاول کا دن انتہائی عقیدت و احترام کا دن ہے ہمیں بھی چاہیے کہ ہم بھی جذبات کی رو میں بہہ کر کسی کی دل آزاری نہ کریں ۔نبی اکرم ؐ نے ہمیں صبر و تحمل کا درس دیا ہے ۔سب مسلمانوں کو چاہیے کہ اسی دن کو خوشی کے ساتھ ساتھ عقیدت و احترام سے منائیں۔