جمہوری اور مستحکم پاکستان کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا ، حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے لیکن ذمہ دارانہ صحافت وقت کی ضرورت ہے‘صحافیوں کی سیکورٹی اور سیفٹی کے لئے قانون سازی شروع کی ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد آئندہ سال کے آغاز میں بل پارلیمنٹ میں پیش کر دیں گے‘ مہذب معاشرے کی تشکیل میں میڈیا کا کردار اہم ہے

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی سی پی این ای کے عہدیداران اور اراکین سے ملاقات کے دوران گفتگو

جمعہ 2 دسمبر 2016 21:37

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جمہوری اور مستحکم پاکستان کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا، حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے لیکن ذمہ دارانہ صحافت وقت کی اہم ضرورت ہے، صحافیوں کی سیکورٹی اور سیفٹی کے لئے قانون سازی شروع کی ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد آئندہ سال کے آغاز میں بل پارلیمنٹ میں پیش کر دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای ) کے عہدیداران اور اراکین سے کونسل کے ہیڈ آفس کراچی میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی پی این ای کے صدر سینئر صحافی ضیاء شاہد، سیکریٹری جنرل اعجاز الحق دیگر عہدیداران اور اراکین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ حکومت نے ملک میں دہشت گردی اور کراچی سے بدامنی کے خاتمے کے لئے آپریشن شروع کیا ہے جس کے مثبت نتائج آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سے حیدر آباد موٹر وے کا تعمیراتی کام شروع ہوگیا ہے جبکہ حیدرآباد سے سکھر اور سکھر سے ملتان موٹروے بھی موجودہ دورحکومت میں مکمل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی حکومت مستحکم ہو رہی ہے کیونکہ ان کی نیت صاف ہے اور ان کا توکل اللہ پر ہے‘ وہ پاکستان اور پاکستانی عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے ملک کو دہشت گردی سے پاک کیا‘ موٹر وے بنائے‘ توانائی کے منصوبے دیئے‘ پبلک ٹرانسپورٹ‘ پاکستان کا پہلا ہیلتھ انشورنس پروگرام اور تعلیمی اصلاحاتی پروگرام دیا‘ آج پاکستان کو محمد نواز شریف کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ میڈیا نے جمہوریت اور جمہوری اقدار کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے ، صحافیوں کی سیکورٹی کے حوالے سے دنیا کے دیگر ممالک میں قوانین موجود ہیں اس پر ہم بھی کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول سی پی این ای سے مشاورت کے بعد یہ پارلیمنٹ میں پیش کیاجائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ہم حکومتی سطح پر صحافیوں کی تربیت کرنا چاہتے ہیں اس مقصد کے لئے وزارت اطلاعات کی اکیڈمی کو فعال بنایا جا رہا ہے، صحافیوں کی تربیت کے لئے پہلا ماڈل تیاری کے مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اداروں کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا میں ایڈیٹوریل کمیٹیوں کا فعال ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہذب معاشرے کی تشکیل میں میڈیا کا کردار اہم ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پریس کلبوں کو مستحکم کرنا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور خواتین صحافیوں کے لئے بھی کئی منصوبے زیر غور ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی ادارہ جاتی اور پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ دے رہے ہیں۔ سی پی این ای اراکین نے وزیرمملکت کی میڈیا کے حوالے سے ترجیحات کو سراہا جس پر وزیرمملکت نے کہا کہ آزادی صحافت اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے مثبت تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا اور ان کو پالیسیوں کی تشکیل میں زیر غور لایا جائے گا۔