نوشہرہ، ڈی ایچ کیو ہسپتال کی منتقلی کیخلاف گرینڈ قومی جرگے کا احتجاجی تحریک اور مظاہروں کا اعلان

جمعہ 2 دسمبر 2016 21:31

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 دسمبر2016ء)نوشہرہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کی منتقلی کے خلاف نوشہرہ کے سیاسی جماعتوں اور بلدیاتی نمائندوں پر مشتمل گرینڈ قومی جرگے کا صوبائی حکومت کے خلاف بنی گالا اسلام آباد اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاجی تحریک اور مظاہروں کا اعلان ہسپتال کو کسی صورت مانکی شریف منتقل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ہسپتال کے لئے اپنی جانیں بھی دینے کو تیار ہیں صوبائی حکومت ہوش کے ناخن لے اور نوشہرہ کلاں کے عوام دشمن فیصلہ واپس لے وزیراعلیٰ نے پہلے کامرس کالج کو اپنے آبائی علاقہ مانکی شریف منتقل کیا اور اب نوشہرہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کے پیچھے پڑا ہوا اور ان کو بھی مانکی شریف منتقل کرنے کی مذموم کوششوں میں لگا ہوا ہے اس فیصلے کے خلاف نوشہرہ کے عوام پوری طرح متحد ہے اور اگر ہسپتال منتقل کیاگیا تو وزیراعلیٰ کا اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے اس سلسلے میں نوشہرہ کے تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل ایک گرینڈ قومی جرگے کے زیراہتمام مسلم لیگ ن کے سینئرنائب صدر خیبرپختونخوا اختیارولی کی رہائشگاہ پر منعقد ہوا اس موقع پر اے این پی کے ضلعی صدر ملک جمعہ خان، جمعیت علمائ اسلام کے ضلعی امیر مفتی حکیم علی حقانی، پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق صوبائی وزیر لیاقت شباب، جماعت اسلامی کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات افتخار احمدخان، تحصیل ممبران احسان اللہ وزیر، مفتی مولاناعمران، ولیداختر، ویلج کونسلران ملک ولایت ، زبیر، فیاض خان، ناظم سرتاج خان ، انجمن تاجران کے شکیل احمد، فضل امین اور دیگر نے خطاب کیا انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خان خٹک نوشہرہ کلاں کے ساتھ دشمنی پر اتر آئے ہیں اور نوشہرہ کلاں کے عوام سے تمام بنیادی سہولیات چھین کر اپنے علاقے منتقل کررہے ہیں نوشہرہ ڈسٹرکٹ ہسپتال کی منتقلی کے خلاف نوشہرہ کے تمام سیاسی جماعتیں ہر پلیٹ فارم پر اس فیصلے کے خلاف آواز اٹھائے گی اور کسی صورت مانکی شریف منتقل کرنے نہیں دیں گے آئندہ جمعے کو گرینڈ قومی جرگہ جی ٹی روڈ پر صوبائی حکومت کے خلاف دھرنے دے کر جی ٹی روڈ بلاک کرکے احتجاجی مظاہرے کریں گے انہوں نے کہا کہ نوشہرہ کے میڈیکل کمپلیکس عوام کے علاج معالجے کی دسترس سے باہر ہے اور اس ہسپتال میں غریب عوام کو لوٹا جائے گا کیونکہ نوشہرہ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں دس روپے کے او پی ڈی چٹ پر تمام طبی سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہے جبکہ میڈیکل کمپلیکس نوشہرہ میں صرف او پی ڈی چٹ کی قیمت دو سو پچاس روپے ہوگی اور ڈاکٹر کی چیک آپ فیس پندرہ سو روپے ہوگی انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک نے پہلے نوشہرہ کلاں کے عوام وطن کارڈ بعد میں کامرس کالج مانکی شریف منتقل کیا اور اب نوشہرہ ڈسٹرکٹ ہسپتال نوشہرہ کلاں کے عوام سے چھین کر مانکی شریف منتقل کرنے کی مذموم سازشوں میں مصروف ہے اور یہ فیصلہ ہمیں کسی صورت قبول نہیں بصورت دیگر بنی گالا اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنے دینے پر مجبور ہوجائیں گے۔