محکموں میں مانٹیرنگ کے نظام سے کالی بھیڑوں کا خاتمہ کر دیا گیا ہے ،کسی کو کرپشن نہیں کرنے دیں گے

صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان کاتقریب سے خطاب

جمعہ 2 دسمبر 2016 21:27

مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ محکموں میں مانٹیرنگ کے نظام سے کالی بھیڑوں کا خاتمہ کر دیا گیا ہی,عوام کا پیسہ عوام پر خرچ کر رہے ہیں۔ نہ خودکرپشن کرتے ہیں اور نہ کسی کو کرنے دیں گے۔وہ گورنمنٹ ڈگری کالج بخشالی میں بزم ادب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں اسناد تقسیم کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

جہاں وہ مہمان خصوصی تھے۔کالج کے پرنسپل پروفیسر شاہ زمان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔کالج پہنچنے پر طلباء نے صوبائی وزیر کاپرتپاک استقبال کیا اور گارڈ آف انر پیش کیا۔محمد عاطف خان نے کہاہے کہ پختونخوا کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ موجود ہے لیکن انہیں مواقعوں کی ضرورت ہے جس کے لئے صوبائی حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت نے یوتھ پالیسی کا اعلان کیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو صحتمندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے پر ایک ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو عوام نے نظام کی تبدیلی اور انصاف کا بول بالا کرنے کے لئے ووٹ دیا تھا اور حکومت نے اداروں میں ایسے اصلاحات کئے ہیں جس سے غریب آدمی کو بھی اس کا حق آسانی کے ساتھ مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہوتے ہیں اور جہاں استاد سفارش اور بغیر میرٹ کے بھرتی ہوتا ہے اس ملک کا مستقبل کیا ہوگا۔محمد عاطف خان نے تما م سیاسی جماعتوں کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے محکمہ تعلیم میں 40ہزار اساتذہ میرٹ پر بھرتی کئے ہیں اور ان میں ایک بھی اسکی سفارش یا رشوت پر بھرتی نہیں ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن نے ملک کو 50سال پیچھے دھکیل دیا ہے اور کہا کہ جس ملک کاوزیر اعظم کرپٹ ہو تا ہے تو اس ملک کے باقی اداروں سے خیر کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے سے آنے والی تبدیلی دیر پا ہوتی ہے۔ سرکاری سکولوں میں یکساں نظام تعلیم رائج کرنے سے غریب اور امیر کے مابین فرق مٹ رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پچھلے سال 34ہزار طلبائ نجی سکولوں سے سرکاری سکولوں میں مائیگریٹ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی وقت کی اہم ضرورت ہے اور اسی تناظر میں حکو مت نے 1350سکولوں میں آئی ٹی لیبز بنائے ہیں جس میں طلبائ کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق علم و ہنر سکھائے جارہے ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن،رائٹ ٹو سروسز اور وسل بلورز ایکٹ کے نفاذ سے اداروں میں شفافیت آ رہی ہے۔انہوں نے مردان میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مردان میں خواتین یونیورسٹی،گرلز ماڈل سکول،سپورٹس کمپلیکس سمیت سکولوں اور کالجوں کی اپ گریڈیشن پر کام شروع ہے جس کی تکمیل سے عوام کو بہت فائدہ ہوگا۔

اس موقع پر کالج کے پرنسپل نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے کالج میں سائنس کلاسز کا اجرائ کیا ہے اور پہلے سال میں سینکڑوں طلبانے داخلہ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری کالجوں پر عوام کا اعتماد بڑھ رہا ہے اور رواں سال پچاس طلبائ پرائیویٹ کالجز سے یہاں مائیگریٹ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کالج میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں پر بھر پور توجہ دی جاتی ہے۔قبل ازیں صوبائی وزیر نے کالج میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :