سپریم کورٹ کے احکامات کے پیش نظر 12 دسمبر سے نیشنل ہائی وے پر واقع ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل کھولنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ، مئیرکراچی

جمعہ 2 دسمبر 2016 21:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے پیش نظر 12 دسمبر سے نیشنل ہائی وے پر واقع ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل کھولنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ، آئل ٹینکرز کے مالکان سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ اپنے آئل ٹینکرز کو یہاں پارک کرنا شروع کردیں یہ بات انہوں نے جمعہ کی شام آئل ٹینکرز ٹرمینل کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر ڈاکٹر بدر جمیل، مشیر مالیات خالد محمود شیخ، سینئر ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ مختار حسین، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، پروجیکٹ ڈائریکٹر ZOT شہاب انور، ایکسئین منظور برنی اور دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے ، انہوں نے کہا کہ آئل ٹینکرز کی منتقلی کے لئے کمشنر کراچی سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ملاقات کرکے منتقلی کے حوالے سے ان سے مدد لی جائے گی انہوں نے کہا کہ آئل ٹینکرز کے لئے وسیع گنجائش موجود ہے، کے ایم سی نے تمام سہولتیں مہیا کردی ہیں اس لئے آئل ٹینکرز مالکان اپنے ٹینکرز کی منتقلی کو یقینی بنائیں، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں آئل ٹینکرز کی ایسوسی ایشن سے حتمی بات چیت کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ یہ شہر کا بہت بڑا مسئلہ ہے اسے اب حل ہونا چاہئے، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے آئل ٹینکرز کی منتقلی کے احکامات پر ہر صورت عمل کیا جائے گا، کے ایم سی نے تمام بنیادی سہولتیں فراہم کردی ہیں اس لئے اب شیریں جناح کالونی سمیت شہر کے دیگر علاقوں سے بھی آئل ٹینکرز کی منتقلی کا عمل فوری شروع کیا جانا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل میں 2375 آئل ٹینکرز پارک کرنے کی سہولت مہیا کی ہے جبکہ 10 ہزار افراد کے لئے مختلف قسم کا انفراسٹرکچر بنایا ہے اس ٹرمینل میں 128 بیت الخلاء ، پولیس چوکی، ٹائر ٹیوب شاپس، مساجد، وضو خانے، بینک، ریسٹورنٹس، ہوٹلز، میڈیکل اسٹور سمیت ساڑھے 7 ہزار ایکڑ رقبے پر آرام کی جگہ بھی رکھی گئی ہے۔ یہ منصوبہ مجموعی طور پر 150 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے جس میں 120 ایکڑ رقبہ آئل ٹینکرز کی پارکنگ اور 30ایکڑ رقبہ دیگر سہولیات کے لئے مخصوص کیا گیا ہے۔ اس آئل ٹینکرز ٹرمینل میں پانی کے لئے 150 ہزار گیلن گنجائش انڈرگرائونڈ ٹینک اور 60 ہزار گیلن گنجائش کا بالائی ٹینک بھی تعمیر کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :