میئرکراچی کی ڈی جی نادراسے ملاقات

کراچی کے شہریوں کے لئے شناختی کے حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں، وسیم اختر

جمعہ 2 دسمبر 2016 21:17

میئرکراچی کی ڈی جی نادراسے ملاقات
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء)میئر کراچی وسیم اختر نے جمعہ کے روز ڈائریکٹر جنرل نادرا کرنل (ر) محمد احمد خٹک سے ان کے دفتر میں ملاقات کی میئر کراچی نے کہا کہ انہوں نے جمعہ کو قصبہ علیگڑھ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا جہاں سابقہ اورنگی ٹائون آفس میں نادرا کے دفاتر پر لوگوں اور خصوصاً خواتین کے رش سے پتہ چلا کہ 25 لاکھ کی اس آبادی کے لئے نادرا کا صرف ایک دفتر کام کر رہا ہے اس لئے میں نے فوری طور پر ڈائریکٹر جنرل نادرا سے ملنے کا فیصلہ کیا انہوں نے ڈی جی نادرا سے درخواست کی کہ کراچی کے شہریوں کے لئے شناختی کے حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں انہوں نے کہا کہ قصبہ علیگڑھ اور بلدیہ ٹائون کے علاقوں سمیت دور دراز علاقوں میں نادرا دفاتر قائم کئے جائیں تاکہ یہاں کے مکینوں کو شناختی کارڈ کے حصول میں اس قدر مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، ڈائریکٹر جنرل نادرا کرنل (ر) محمد احمد خٹک نے میئر کراچی کو بتایا کہ بلدیہ ٹائون میں نادرا کے دو دفاتر جلد ہی کھولے جا رہے ہیں جن پر کام تیزی سے جاری ہے انہوں نے کہا کہ وہاں کے مکینوں کے مسائل ان کے علم میں ہیں اور وہ کوشش کر رہے ہیں کہ ان مسئلوں کا جلد سے جلد حل نکالا جائے انہوں نے کہا کہ ان دفاتر کے کھلنے کے بعد بلدیہ ٹائون اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں کے شناختی کارڈ سے متعلق مسائل کافی حد تک حل ہوجائیں گے، میئر کراچی نے کہا کہ شناختی کارڈ ایک شہری کے ناطے بنیادی ضرورت ہے اور اب تمام دوسری کاغذات شناختی کارڈ کے بعد ہی بنتے ہیں اس لئے شناختی کارڈ کے حصول میں آسانی پیدا کی جائے اور کم سے کم وقت میں کراچی کے شہریوں کو شناختی کارڈ کے اجراء کو یقینی بنایا جائے۔