تکفیری اور انتہا پسند عناصر کو الیکشن جتوا کر اسمبلیوں میں لایا جاتا رہا تو پھر دہشت گردی آزاد اور عام شہری اپنے گھروں میں مقید دکھائی دیں گے،مرکزی ترجمان ایم ڈبلیو ایم

جمعہ 2 دسمبر 2016 21:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 دسمبر2016ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ کالعدم جماعتوں کے سرگرم اراکین کو سیاسی دھارے میں شامل کرنے کے لیے مواقع فراہم کرنا ملک کی مزید تباہی سے دوچار کرنے کے مترادف ہے،وحدت ہاوس میں کارکنان سے جھنگ الیکشن پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے تمام ادارے اس بات سے باخبر ہیں کہ مسرور جھنگوی کا تعلق کس گروپ سے ہے۔

کالعدم جماعت لشکر جھنگوی ملک میں دہشت گردی کی ہونے والی متعدد کاروائیوں میں ملوث ہونے کا خود اعتراف کر چکی ہے۔ایسے شخص کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے کر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی رہی سہی ساکھ بھی تباہ کر دی ہے۔اب یہ حقیقت واضح ہوتی جا رہی ہے کہ ملک کے مقتدر اداروں کے ذمہ داران کے فیصلے قانون و آئین کے مطابق ہونے کی بجائے کہیں اور سے ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر اس تاثر کو دانستہ طور پر تقویت دی جا رہی کہ پاکستان میں انتہا پسند جماعتوں کو عوامی تائید حاصل ہے اور پاکستان کی عوام تکفیری گروہوں کو حامی ہے۔ عالمی سطح پر پاکستان کو تنہا کرنے اور دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ ثابت کرنے کی اس کوشش کو ناکام بنانے کے لیے تمام معتدل سیاسی و مذہبی قوتوں کو مل کر آگے بڑھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو پاکستان کی سالمیت و استحکام سے کوئی غرض نہیں۔ان کا سارے اثاثے بیرون ممالک میں ہیں۔یہ ملک دشمن ایجنڈے کی تکمیل کے لیے اقتدار پر مسلط ہیں۔قانون و اختیارات کو انتقامی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بنائے جانے والا نیشنل ایکشن پلان جھنگ الیکشن کے بعد اپنی افادیت مکمل طور پر کھو چکا ہے،انہوں نے کہا کہ اگر اسی طرح تکفیری اور انتہا پسند عناصر کو الیکشن جتوا کر اسمبلیوں میں لایا جاتا رہا تو پھر دہشت گردی آزاد اور عام شہری اپنے گھروں میں مقید دکھائی دیں گے۔

متعلقہ عنوان :