میئر بلدیہ عظمی کراچی وسیم اختر کا بلدیہ شرقی کا دورہ،شجرکاری مہم کا افتتاح کیا

جمعہ 2 دسمبر 2016 21:11

میئر بلدیہ عظمی کراچی وسیم اختر کا بلدیہ شرقی کا دورہ،شجرکاری مہم کا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 دسمبر2016ء) میئر بلدیہ عظمی کراچی وسیم اختر نے بلدیہ شرقی کا دورہ کیا، اس موقع پر ملازمین نے میئر کراچی کا والہانہ استقبال کیا ، ہار پہنائے، مٹھائی کھلائی اور میئر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور سوروزہ عوامی خدمت مہم کو کامیاب بنانے کیلئے عزم و جذبے کے ساتھ کام کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ، چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے اس موقع پر میئر کراچی کو سو روزہ مہم کے حوالے سے بریفنگ دی اور کہا کہ ایک ہفتے کے اندر اندر ہی مہم کے نتائج عوام کے سامنے آجائیں گے ، ہماری اولین ترجیح صفائی ستھرائی کی مکینزم کو اپ گریڈ کرکے مستقل بنیادوں پر برقرار رکھنا ہے، جس پر میئر کراچی نے ڈسٹرکٹ ایسٹ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہمارے افسران و عملہ اور عوام کے تعاون سے شہر کراچی میں مثبت تبدیلی نظر آئی گی اور چند مہینوں میں ہی عوام کو کراچی میں مستقل بنیادوں پر سہولیات کی فراہمی یقینی بنادی جائیگی، اس موقع پر انہوں نے ملازمین کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

مزید براں چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے گلشن اقبال زون میں100 روزہ عوامی خدمت مہم کے تحت وائس چیئرمین عبدالرؤف خان، ایم این اے محمد مزمل قریشی ،ایم این اے سمن جعفری ، ایم این اے ڈاکٹر نگہت شکیل ،ایم پی اے فیصل سبزواری،ا یم پی اے محمود عبدالرزاق، ایم پی اے ہیر سوہو، ایم پی اے ناہید بیگم کے ہمراہ شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا۔چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے اس موقع پر کہا کہ مہم میں تمام دستیابی وسائل کو استعمال کرتے ہوئے عوامی تعاون کے ذریعے صفائی و ستھرائی ، لائیٹس کی تنصیب و درستگی اور بیوٹیفکیشن کیلئے اقدامات تیزی سے جاری ہیں ، انہوں نے کہا کہ جشن عید میلادالنبی ؐ کو بھی مد نظر رکھتے ہوئے امور انجام دے رہے ہیں بالخصوص مساجد و جلوس کے روٹس پر اسٹریٹ لائیٹس اور صفائی ستھرائی کا خصوصی انتظام کیا جارہا ہے تاکہ عاشقان رسول ؐ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ شرقی میں تین ہٹی ، پی ای سی ایچ ایس ، خداداد کالونی ، گلشن اقبال میں 13D و اطراف کے علاقوں میں خصوصی صفائی مہم تیزی سے جاری ہے ، جبکہ اسٹریٹ لائیٹس کی تنصیب و درستگی کا کام یوسی 7 طیبہ مسجد روڈ، شہید ملت روڈ، یوسی 21 مسجد ابرار کے اطراف اور یوسی 28 وارڈ 1 کے مختلف علاقوں میں تیزی سے جاری ہے۔چیئرمین معید انور نے اس موقع پر کہا کہ ہمارا مقصد ڈسٹرکٹ ایسٹ میں بسنے والے شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ہے اور اس کیلئے ہمیںعوام کا تعاون حاصل ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم تمام تاجر حضرات ، صنعتکار اور سول سوئٹی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ رضاکارانہ طور پر مہم کا حصہ بنیں اورشہر قائد کوخوشحالی و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :