جماعت اسلامی نے سراج الحق کے خلاف بلاول بھٹو کاالزام مستردکردیا

سراج الحق نے بطور سینئر صوبائی وزیر کبھی ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا، زلزلہ کے دوران زمینی راستہ نہ ہونے پر چترال کے سفر میں ایک بار فوجی ہیلی کاپٹر استعمال کیا تھا ، بلاول بھٹو جماعت اسلامی کی قیاد ت کو اپنی پارٹی کی طرح نہ سمجھیں ، سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم کا تردید ی بیان

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 دسمبر2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم نے بلاول بھٹو کے اس بیان اور الزام کی سختی سے تردید کی ہے کہ سراج الحق 37بار ہیلی کاپٹر کے مزے لے چکے ہیں، سراج الحق نے بطور سینئر صوبائی وزیر کبھی ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا، زلزلہ کے دوران چترال کے سفر میں ایک بار فوجی ہیلی کاپٹر استعمال کیا تھا وہ بھی اس لئے کہ وہاں تک پہنچنے کیلئے کوئی زمینی راستہ نہیں تھا ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو اپنے ایک تردیدی بیان میں جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم نے کہا کہ بلاول بھٹو کو جماعت اسلامی کی لیڈر شپ کو اپنی پارٹی کی طرح قیاس نہیں کرنا چاہئے ۔سراج الحق نے خیبر پختونخواکے سینئر وزیر ہوتے ہوئے بھی کبھی ہیلی کاپٹر استعمال نہیں کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ سراج الحق نے زلزلہ کے دوران چترال کے سفر میں ایک بار فوجی ہیلی کاپٹر استعمال کیا تھا وہ بھی اس لئے کہ وہاں تک پہنچنے کیلئے کوئی زمینی راستہ نہیں تھا اور ایک کچی سڑک بھی زلزلہ کی وجہ سے ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے بند ہوگئی تھی ۔(ع ع)