خواتین پر تشدد کے خاتمے کی عالمی مہم کے پروگرام 10 دسمبر تک جاری رہیں گے،بشریٰ امان

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:52

لاہور۔02 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء)صوبائی سیکرٹری برائے محکمہ ترقی خواتین پنجاب بشریٰ امان نے کہا ہے کہ محکمے کے زیر اہتمام خواتین پر تشدد کے خاتمے کی عالمی مہم کے سلسلے میں پروگرام 10 دسمبر تک جاری رہیں گے ۔ وہ یہاں کنیئرڈ کالج برائے خواتین میں محکمہ ترقی خواتین پنجاب کے زیر اہتمام(Her Talk)’’ہر ٹاک‘‘ مہم کے تحت اپوا، یو این وویمن اور وائٹ ربن کے تعاون سے مختصر دورانیے کی دستاویزی فلموں کے مقابلے کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں ۔

اس موقع پر کالج کی پرنسپل رخسانہ ڈیوڈ اداکارہ فریال گوہر ، اپوا کی کنٹری ڈائریکٹر درشہوار ، یو این وویمن کی حوریہ سعیدہ ، حسیب خان اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔ صوبائی سیکرٹری نے محکمے کے زیر اہتمام جاری مہم کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مختلف تعلیمی اداروں میں آگاہی سیمیناروں کا انعقاد جاری ہے جس میں خواتین کو حکومت پنجاب کے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور معاشی ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا جا رہا ہے ۔

کنیئرڈ کالج میں طالبات کے مابین خواتین پر تشدد کے خاتمے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے مختصر دورانیے کی دستاویزی فلموں کا انعقاد کیا گیا جس سے طالبات کو خواتین کے حقوق و فرائض اور مائینڈ سیٹ میں تبدیلی کے متعلق آگاہی حاصل ہوئی ۔ کالج کی پرنسپل ڈاکٹر رخسانہ ڈیوڈ ، اداکارہ فریال گوہر ، اپوا کی در شہوار نے محکمانہ مہم کو سراہا اور کہا کہ تعلیم کے فروغ کے ذریعے خواتین کے خلاف منفی روئیے تبدیل کئے جا سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد کا مطلب بطور انسان ان کے حقوق کی نفی کرنا ہے ۔انہوں نے لڑکیوں کی کم عمری اور جبری شادی ، تشدد اور منفی رویوں کی مذمت کی او رکہا کہ ہم سب کو ملکر خواتین پر تشدد کا خاتمہ کرنا ہو گا ۔ انہوں نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے حکومتی اقدامات کو سراہا اور طالبات کی کوششوں کی تعریف کی ۔طالبات نے مختصر دورانیے کی دستاویزی فلموں میں لڑکیوں کی کم عمری کی شادی ، معاشرتی جبر ، منفی رویوں اور بنیادی حقوق کی نفی کی عکاسی کی ۔

ججز کے فیصلے کے مطابق کنئیرڈ کالج کی آمنہ مختار اور ان کی ٹیم کو پہلے ، ثانیہ کو دوسرے اور عارفہ حئی اور عائشہ کی تیار کردہ دستاویزی فلم کو تیسرے انعام کا حقدار قرار دیا گیا ۔خواتین پر تشدد کے خاتمے کی عالمی مہم 10 دسمبر تک جاری رہے گی ۔