چنبہ ہائوس میں پراسرار طور پر مردہ پائی گئی لیگی کارکن متوفیہ سمعیہ چوہدری کی موت کا معمہ حل ہونے کی بجائے مزید الجھ گیا

سمیعہ چوہدری ڈرگ استعمال کرتی تھیں، کوکین کی اوور ڈوز کے باعث موت واقع ہوئی ‘ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کا دعویٰ سمیعہ نے کبھی سر درد کی گولی نہیں لی، تو کوکین کیسے استعمال کرسکتی ہیں، کیس ختم کرنے کیلئے دبائو ڈالا جا رہا ہے‘ مقتولہ کے شوہر کی گفتگو

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء) لاہور کے چنبہ ہائوس میں پراسرار طور پر مردہ پائی گئی مسلم لیگ (ن) کی کارکن متوفیہ سمعیہ چوہدری کی موت کا معمہ حل ہونے کی بجائے مزید الجھ گیا ، وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ سمیعہ چوہدری ڈرگ استعمال کرتی تھیں، کوکین کی اوور ڈوز کے باعث موت واقع ہوئی جبکہ مقتولہ کے شوہر آصف کا کہنا ہے کہ سمیعہ نے کبھی سر درد کی گولی نہیں لی، تو کوکین کیسے استعمال کرسکتی ہیں، کیس ختم کرنے کے لئے دبائو ڈالا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق چنبہ ہائوس میں سمیعہ چوہدری کی پراسرار موت کا معاملہ حکومتی دعوئوں کے بعد مزید الجھ کر رہ گیا ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں پنجاب کے سینئر وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے چنبہ ہائوس میں سمیعہ چوہدری کی ہلاکت کا معمہ حل ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ فرانزک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ سمیعہ چوہدری ڈرگ استعمال کرتی تھیں۔

(جاری ہے)

رانا ثنا اللہ نے مزید دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ سمیعہ چوہدری کی کوکین کی اوور ڈوز کے باعث موت واقع ہوئی، فرانزک رپورٹ میں کوکین کے استعمال کی تصدیق ہوئی ہے۔ دوسری جانب نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سمیعہ چوہدری کے شوہر آصف کا کہنا تھا کہ پولیس مجرموں کو پکڑنے کے بجائے ہم سے تحقیقات کررہی ہے۔آصف کا کہنا ہے کہ ان کی اہلیہ نے کبھی ڈسپرین نہیں لی، کوکین کیسے استعمال کر سکتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کیس ختم کرنے کیلئے دبائو ڈالا جارہا ہے، پولیس والے کیس ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ لیگی کارکن 35 سالہ سمعیہ چوہدری چند روز قبل چنبہ ہائوس کے ایک کمرے میں مردہ پائی گئی تھیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق جس کمرے میں سمیعہ مقیم تھی وہ چنبہ ہائوس کے ملازم سلامت نے اپنی ضمانت پر دلوایا تھا۔گاڑی کا مالک بھی کوئی اشرف نامی شخص نکلا۔ دونوں افراد پولیس کی حراست میں ہیں جن سے تفتیش جاری ہے۔ چنبہ ہائوس میں سمعیہ کی خدمت پر مامور ملازم زین العابدین کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔