بہاول پور،آر پی او محمد ادریس احمدکاٹریفک کے بڑھتے حادثات پر افسوس کا اظہار

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:37

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء)ریجنل پولیس آفیسر محمد ادریس احمدکاریجن بھر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے حادثات پر افسوس کا اظہار، متعلقہ محکموں کو مراسلہ جات جاری کرتے ہوئے آر پی او نے کہا کہ گذشتہ گیارہ ماہ کے دوران مختلف ٹریفک حادثات میں200سے زائد افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے جوکہ اسی عرصہ میں قتل ہونے والے افراد کی تعداد سے کئی گناذیادہ ہیں ۔

آر پی او نے اس سلسلہ میں تینوں ڈی پی اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ایسے حادثہ جس میں قیمتی انسانی جان کا ضیاع ہو اس میں متعلقہ پولیس ہر صورت قانونی کاروائی کرے تاکہ سزا کے خوف سے لوگ قوانین کا احترام کریں اور قیمتی انسانی جانوں کوبچایا جاسکے۔نیشنل ہائی وے پر حادثات کی روک تھام کے لیے متعلقہ محکمہ کی طرف سے آگاہی سائن بورڈز، سڑکوں پر کیٹ آئیز کی تنصیبات، غیر قانونی یو ٹرن کے خاتمہ،ریلوے اور ہیڈ برج کے کناروں پر لوہے کی گرل کی تنصیبات ،خستہ حال سڑکوں کی مرمت کے ساتھ ساتھ سڑکوں کے کنارے ناجائزتجاوزات کے خاتمہ کے لئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ قیمتی املاک کے نقصانات کو بھی بچایا جاسکے۔

(جاری ہے)

کریشنگ سیزن کے حوالے سے آر پی او نے کہا کہ اور لوڈڈ گنے کی ٹرالیاں اور سڑک کے کنارے انکی پارکنگ ٹریفک کے بہاو میں بڑی رکاوٹ اور حادثات کا موجب ہیںانکے لیے مناسب پارکنگ کا بندوبست کیا جائے۔انہوں نے آخر میں ہدایات دیں کہ تمام متعلقہ محکمے مل کر کام کریںتاکہ ٹریفک حادثات کو کم سے کم کیا جا سکے۔