محکمہ تعلیم سکولز پنجاب اساتذہ کو ناممکن ٹارگٹ پورے نہ کرنے پر تبادلوں سمیت دیگر ظالمانہ کاروائیوں کا سلسلہ فوری بند کرے، گرینڈ ٹیچر الائنس پنجاب

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) گرینڈٹیچرز الائنس پنجاب کے سرگودھا ڈویژن کے کنونشن میں ذاکر لطیف، رانا لیاقت علی، ظفر جمیل ، رانا عطاء محمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم سکولز پنجاب اساتذہ کو ناممکن ٹارگٹ پورے نہ کرنے پر تبادلوں سمیت دیگر ظالمانہ کاروائیوں کا سلسلہ فوری بند کرے۔اساتذہ کی اپ گریڈیشن کا نوٹیفکیشن فی الفورجاری کیا جائے اور پیف و دانش سکولز اتھارٹی کے حوالے کئے گئے سرکاری سکولز واپس لئے جائیں۔

حکومت خود ساختہ اورمضحکہ خیز فارمولے پر عمل بند کرے۔ان کی وجہ سے تدریسی نظام کا بُرا حال ہو چکا ہے۔ جس تعلیمی ادارے کا رزلٹ PEC اور بورڈز کی مقرر ہ حد سے صرف ایک یا دو درجے کم ہے ان اداروں کے ہیڈ ماسٹرز و اساتذہ کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کرنا غیر دانشمندانہ عمل ہے۔

(جاری ہے)

یہ ہی وجہ ہے کہ ان نام نہاد پالیسیوں کی وجہ سے جو تعلیمی ادارے ماضی میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے تھے آج انہیں تباہ کیا جا رہا ہے ۔

سزائوں سے کارکردگی بہتر نہیں ہوگی بلکہ اس طرز عمل سے منفی نتائج برآمد ہونگے۔ حکام بالا مذاکرات میں ہمارے مسائل سے اتفاق تو کرتے ہیں اور تجاویز پر عمل درآمد کی یقین دہانی بھی کراتے ہیں لیکن تاحال کوئی مثبت پیش رفت نظر نہیں آ رہی۔جبکہ پورے پنجاب میں انتقامی کاروائیوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ جس کے خلاف گرینڈ ٹیچرز الائنس پنجا ب کے زیر اہتمام ڈویژنل سطح پر احتجاجی جلسوں ، ریلیوں اور دھرنے دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

5 دسمبر کو راولپنڈی اور 10 دسمبر کو گوجرانوالہ ڈویژن میں احتجاجی جلسے و ریلی نکالی جائے گی۔ جبکہ 22 دسمبر کو گرینڈ ٹیچرز الائنس پنجاب کے ساتھ ناصر باغ لاہور سے فیصل چوک تک احتجاجی ریلی نکال کر پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دینگے اور اگر مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو امتحانات کے بائیکاٹ کے ساتھ ساتھ تعلیمی بائیکاٹ پر مجبور ہونگے۔

متعلقہ عنوان :