ترکی کی وزارتِ صحت کے اعلیٰ سطح وفد کا پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کا دورہ

ڈاکٹر محمد اجمل خاں نے استقبال کیا ، پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کے مقاصد اور سر گرمیوں سے آگاہ کیا

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) ترکی کی وزارتِ صحت کے اعلیٰ سطح کے وفد نے پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کا دورہ کیا اور صحت کے معلامات پر بات چیت کی ۔ کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر محمد اجمل خاں نے وفد کا استقبال کیا اور پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کے مقاصد اور سر گرمیوں سے آگاہ کیا ۔ ڈاکٹر محمد اجمل خاں نے وفد کو بتایا کہ پاکستان میں کمیشن کا قیام اپنی نوعیت کا پہلا کامیاب تجربہ ہے جسے دوسرے صوبے بھی اپنا رہے ہیں۔

انہوں نے صحت کی سہولتوں کے کم از کم معیار(MSDS) کی تیاری ،نفاذ اور عمل درآمد کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ۔ انھوں نے بتایا کہ یہ معیارات ملکی و غیر ملکی ماہرین کی مشاورت سے تیار کیے گئے ہیں جنہیں سرکاری اور غیر سرکاری علاج گاہوں اور مختلف اقسام کے طریقہ علاج کو مستند ،معیاری اور محفوظ بنانے کے لیے رائج کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

معیارات پر عمل درآمد کے لئے آٹھ ہزار سے زائد معالجین کی جامع تربیت بھی کی گئی ہے۔

مزید براںہومیو پیتھک ڈاکٹرز اور حکماء کی آسانی کے لیے ان معیارات کا اردو میں ترجمہ کیا گیا ہے ۔علاج کی سہولتوں میں کم از کم معیار برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مریضوں کے علاج کے ضروری کوائف جمع کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ترکی وفد کے شرکاء نے ان معیارات میں بھر پور دلچسپی لیتے ہوئے مختلف سوالات کئے ۔وفد کے سربراہ ڈاکٹر حسن کاگل نے کمیشن کے حکام کا شکریہ ادا کیااور اس ملاقات کو فعال تصور کیا ان کے خیال میں صحت کے معیارات، نفاذ اور تجربات سے بھر پور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔وفد کے ارکان میں ڈاکٹر مصطفی بولکان،ڈاکٹر میمت تاسکین،ڈاکٹر حسن بگسی اور جناب فتح کارادمیر شامل تھے۔ (سلیمان)

متعلقہ عنوان :