لیفٹیننٹ جنرل شاہ رفیع عالم میموریل پولو کپ 2016ء زبردست مقابلے جاری

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام لیفٹیننٹ جنرل شاہ رفیع عالم میموریل پولو کپ 2016ء کے چوتھے روز دو دلچسپ میچز کھیلے گئے۔ پہلا میچ گارڈ گروپ /نیوایج اور الائیڈبینک کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جو الائیڈ بینک نے 8-5 سے جیتا مگر گارڈ گروپ /نیوایج کی ٹیم پہلا میچ الائیڈ بینک کے خلاف 10-3 سے جیتی تھی اس لیے بہتر گول اوسط پر گارڈ گروپ /نیوایج کی ٹیم نے مین فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

گارڈ گروپ /نیوایج کی ٹیم کے ٹوٹل گول 15 بنے جبکہ الائیڈ بینک کی ٹیم کے ٹوٹل گول 11 بنے۔ گارڈ گروپ حبیب میٹرو کی طرف سے تیمور علی ملک اور حسام علی حیدر نے دو دو گول جبکہ المان جلیل اعظم نے ایک گول سکور کیا۔ ادھر الائیڈ بینک کی طرف ثاقب خان خاکوانی اور عمر اسجد ملہی نے تین تین جبکہ نوید شیخ نے دو گول سکور کیے۔

(جاری ہے)

دوسرے میچ میں باڑیز کی ٹیم نے حبیب میٹرو لائنز کی ٹیم کو 11-8 سے شکست دے کر مین فائنل کیلئے کوالیفائی کیا جبکہ حبیب میٹرو لائنز اب سب سڈری فائنل کھیلے گی۔

باڑیز کی طرف سے حمزہ مواز خان اور راجہ سمیع اللہ نے پانچ پانچ گول جبکہ نفیس باڑی نے ایک گول سکور کیا۔ حبیب میٹرو لائنز کی طرف سے راجہ تیمور ندیم نے پانچ، سید عون رضوی نے دو جبکہ کرنل ندیم راجہ نے ایک گول سکور کیا۔اس طرح باڑیز اور گارڈ گروپ /نیوایج کی ٹیمیں مین فائنل جبکہ حبیب میٹرو لائنز اور الائیڈ بینک کی ٹیمیں سب سڈری فائنل کھیلیں گی۔ دونوں فائنل اتوار کو لاہور پولو کلب میں کھیلے جائیں گے۔(قیوم زاہد)

متعلقہ عنوان :