اغراض و مقاصد کے اعتبار سے پاکستان یونائیٹڈ کونسل مختلف نہیں ہوگی، خادم حرمین کی حمایت جاری رکھیں گے، ڈاکٹر عبدالغفور راشد

․نام کی تبدیلی کا فیصلہ ساجد میر کی ہدایت پر کیا گیا، فیصل آباد میں 3 دسمبر کو سیمینار ہوگا، چیرمین پاکستان یونائیٹڈ کونسل

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث محترم پروفیسر سینیٹر ساجد میر کی ہدایت پر تحریک دفاع آل سعود پاکستان کانام تبدیل کرکے پاکستان یونائیٹڈ کونسل رکھا گیا ہے، تنظیم کے تمام عہدیدار ویسے ہی رہیں گے۔ناظم ذیلی تنظیمات اور چیرمین پاکستان یونائیٹڈ کونسل ڈاکٹر عبدالغفور راشد کی زیر صدارت اجلاس میں ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ آل سعود کی امت مسلمہ کے اتحاد اور حرمین شریفین کے دفاع کے لئے خدمات کی قدردانی کا ہر مسلمان قائل ہے۔

اور نئی تنظیم کو انہیں خطوط پرچلانے کے ساتھ بین المذاہب ہم آہنگی کے پروگرام بھی منعقد کروانا چاہتے ہیں، جس کے لئے تحریک دفاع آل سعود کے پلیٹ فارم کو محدود خیال کیا گیا، اس لئے میر ے قائد پروفیسر ساجد میر کی ہدایت پر غور و خوض کے بعد رفقا کی مشاورت سے تنظیم کے نام کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جسے عوامی حلقوں میں سراہا جارہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ چند افراد کے منفی پراپیگنڈہ اورتنقید کو مسترد کرتے ہیں، اغراض و مقاصد کے اعتبار سے نئی تنظیم پاکستان یونائٹیڈ کونسل مختلف نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی خدمات کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لئے تحفظ حرمین شریفین اور آ ل سعود کا کردار کے عنوان سے سیمینارز منعقد کروانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

جس کے لئے اگلا سیمینار بعنوان تحفظ حرمین شریفین اور سعودی حکومت کی خدمات مسجد اقصیٰ پٹیالہ کالونی فیصل آبادمیں 3۔ دسمبر (آج) منعقد ہوگا۔جس سے مولانا عبدالرشید حجازی،مولانا محمد یوسف انور، مولانا نعیم بٹ، مولانا محمد شریف چنگوانی، مولانا حافظ مقصود احمد، حافظ عتیق اللہ عمر، مولانا عبدالرحمان آزاد، ڈاکٹر نجیب اللہ، سیکرٹری جنرل پاکستان یونائیٹد کونسل حافظ ممتاز حسین، میاں عثمان راشد، اہل سنت و جماعت کے رہنما مولانا فیض الرسول، صدر پاکستان علما کونسل پنجاب حافظ محمد امجد،صدر اہل حدیث یوتھ فورس فیصل آباد یاسر بٹ اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

متعلقہ عنوان :