حکومت کا پارلیمنٹیرینز کی مراعات اور عوامی مشکلات میں اضافہ ناانصافی ہے،ڈاکٹر محمد امجد

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ حکومت نے پارلیمنٹیرینز کی مراعات کے ساتھ ہی عوامی مسائل میں بھی اضافہ کردیاہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے حکومت نے بنیادی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کی راہ ہموارکردی۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے صرف پٹرول اور ڈیزل ہی مہنگا نہیں ہوتا بلکہ اس سے روز مرہ استعمال کی تمام اشیاء کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔

پہلے ہی دیگر اشیاء کے علاوہ بجلی اور گیس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں،اوپر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے حکومت نے بندہ مزدور کے اوقات مزید تلخ کردئیے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک جاری کئے گئے بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیرخزانہ اسحٰق ڈار اپنی بجٹ کی تقریر میں اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ ملک کی نصف سے زیادہ آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزاررہی ہے۔

ایسے حالات میں خط غربت سے بہت اوپر زندگی گزارنے والے پارلیمنٹیرنز اور وزراء کی مراعات اور غریب عوام کی مشکلات میں اضافہ ناانصافی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے روزمرہ استعمال کی تمام اشیاء کی قیمتوں کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے کرائیوں میں بھی اضافہ کردیا جاتا ہے۔اس عمل سے عام آدمی بری طرح سے متاثر ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکمران یہ بات نہیں سمجھ رہے کہ ملک میں خوشحالی سریے اور سیمنٹ کی تعمیرات سے نہیں بلکہ عوام کو خوشحال کرنے سے آئے گی۔

متعلقہ عنوان :