جمعیت علما پاکستان کا امریکہ میں مساجد کودھمکی آمیز خطوط پر تشویش کا اظہار

ٹرمپ کی انتہاپسندی امریکی تباہی کا باعث ہوگی، دنیا بھر میںاسلام کو نقصان پہنچانے والوں کا سرپرست امریکہ ہی ہے، ٹرمپ ، مودی ایک ہی ذہنیت ، دونوں عقیدے کے مخالفین کو زندہ رہنے کا حق دینے کو تیار نہیں، پیر اعجاز ہاشمی

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے امریکہ کی مختلف ریاستوں میں مساجد کو دھمکی آمیز خطوط موصول ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ کی انتہاپسندی اور نفرت تباہی کا باعث ہوگی،مسلمانوں کے خلاف دنیا بھر میں نفرت پھیلانے والوں اور اسلام کو نقصان پہنچانے والوں کا سرپرست اور سہولت کار امریکہ ہی ہے۔

جس نے دنیا بھر میں نفرت کی آگ لگا رکھی ہے۔ مختلف وفود سے ملاقات میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ اسلام امن بھائی چارے اور دوسرے مذاہب کو تسلیم کرنے والا مذہب ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ٹرمپ جیسے لوگ مسیحیت میں اور کچھ انتہا پسند مسلم ممالک پائے جاتے ہیں مگر ان کی بنیاد پر کسی بھی مذہب کے بارے میں رائے قائم کرنا درست نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

چونکہ کوئی بھی الہامی مذہب انتہا پسندی کا درس نہیں دیتا۔

اس حوالے سے ہمیں احتیاط سے کام لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جو نفرت انتخابی مہم امریکہ کے صدارتی انتخابات کے دوران ٹرمپ نے اسلام ، مسلمانوں اور دیگرقومیتوں کے خلاف پیدا کی ہے۔ اس کے اثرات یقینا خطر ناک ہوں گے۔ جس کے تدارک کے لئے عالمی برادری کو اقدامات کرنے چاہیں۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ مذہبی اور سیاسی انتہا پسندی اور اپنی رائے کو دوسروں پر ٹھونسنے کی روش نے دنیا بھر سے سکون چھین لیا ہے۔

بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کا شکار مسلمان، سکھ،مسیحی اور دیگر مذاہب ہورہے ہیں، تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہونے پر کشمیر کا تاریخی پس منظر اپنی جگہ علیحدہ حیثیت رکھتا ہے کہ کشمیری تقریباً70 سال سے بھارتی تسلط سے نجات کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہندوستان کی دیگر ریاستوں میں ہندووںکے مظالم کے باعث ہی مختلف قومیتوں اور مذاہب نے علیحدگی کی تحریکیں شروع کررکھی ہیں۔

اقلیتوں کی عبادت گاہیں اور بستیاں ہندو انتہا پسندوں سے محفوظ نہیں، کیونکہ ٹرمپ اور مودی ایک ہی ذہنیت رکھتے ہیں جو اپنے عقیدے کے مخالفین کو زندہ رہنے کا حق دینے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرح امریکہ نے بھی نفرت کے بیج بونا شروٍع کردیے ہیں تو خود کو ٹوٹنے سے نہیں بچا سکے گا۔ کیونکہ امیر المومنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے فرمان کے مطابق حکومت کفر سے تو قائم رکھی جاسکتی ہے، ظلم و جبر اور نفرت سے نہیں۔ اس لئے خودامریکہ کے لئے بہتر ہوگا کہ وہ دوسرے مذاہب کا احترام سیکھیں اور برداشت بھی پیدا کریں ورنہ امریکہ کو ٹوٹنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔