موجودہ حکومت نے تمام شعبوں میں شفافیت لاکر عوام کو انصاف فراہم کیا،پرویز خٹک

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے تمام شعبوں میں شفافیت لاکر عوام کو انصاف فراہم کیا۔یہ انصاف عوام کو پولیس کے رویوں میں تبدیلی ، ڈاکٹروں اور اساتذہ کی حاضری اور انفراسٹرکچر کی پوری استعداد کے مطابق اپ گریڈیشن کرکے استعمال میں لاکر نظر آنے لگا ہے ۔

موجودہ حکومت ترقیاتی سکیمیں ، بلڈنگز، روڈز اور تمام شعبوں میں منصوبے عوام کی فلاح کیلئے لارہی ہے ۔فرق صرف اتنا ہے کہ ماضی میں وسائل کو شیر مادر سمجھ کر لوٹا گیا ۔ چوری اور کرپشن اپنے عروج پر تھی اور غریب پستے رہے ۔ہم نے اداروں کو بااختیار بنایا ، رشوت کو ختم کیا اور یہ موازنہ اگر پولیس ، ڈاکٹرز اور اساتذہ کی سطح پر کیاجا ئے تو زمین اور آسمان کا فرق نظر آئے گا۔

(جاری ہے)

بدقسمتی سے سیاسی لوگ اداروں کو اپنے مذموم سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرتے رہے جس سے ادارے انحطا ط کا شکار رہے اور وہ اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے بجائے صوبے کے خزانے پر بوجھ بنے رہے اور عوام کی تکالیف میں اضافہ کرتے رہے۔اب ایسا نہیں ہے ۔اب نہ نوکری ،ٹھیکے اور دیگر کام سفارش اور رشوت پر ہو سکتے ہیں بلکہ ایک ایسا سسٹم بنایا گیا ہے کہ اگر کوئی ایسا جرات کرے تو وہ اپنی تباہی و بربادی کو خود آواز دے گا۔

وہ جمعہ کے روز مٹلتان سوات میں 84میگاواٹ گورکین ۔مٹلتان ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان کے علاوہ ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ،مقامی معززین اور عوام بڑی تعداد میں موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ماضی میں کرپشن اور بدعنوانی کے قصے عام تھے لیکن موجودہ حکومت پر کوئی بھی انگلی نہیں اُٹھا سکتا ۔

یہی وہ تبدیلی ہے کہ ہم نے سسٹم کو ٹھیک کیا اور وہ ڈیلیور کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بعض عناصر کو شرم نہیں آتی کہ اُنکی کرپشن کے قصے بین الاقوامی طور پر مشہور ہوئے لیکن اب بھی عوام کو ایک بار پھر دھوکہ دہی اور فریب کے جھانسے میں لانا چاہتے ہیں۔ہم نے سیاست کو فریب اور دھوکہ دہی سے پاک کر دیا ہے۔مخالفین سمجھ لیں کہ اُن کی عوامی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے ۔

اب اُن کا سیاسی مستقبل نہیں ۔اب وہ سیاست کو کاروبار سمجھنا چھوڑ دیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہماری اصلاحات، اداروں میں عدم مداخلت اور شفافیت کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو چکا ہے۔اب نہ صرف مقامی سرمایہ کار بلکہ بیرونی سرمایہ کار بھی صوبے میںسرمایہ کاری کیلئے آرہے ہیں۔ ماضی کا حال یہ تھا کہ بیرونی سرمایہ کار تو دور کی بات مقامی سرمایہ کار بھی صوبے کو چھوڑ کر جارہے تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں 356چھوٹے ہائیڈل پاور پراجیکٹس کی تعمیر پر کام جاری ہے جن میں سے 150 مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی منصوبے آئندہ جون تک مکمل کرلئے جائیں گے اسی طرح آئندہ کے لیے 600چھوٹے آبی بجلی کے منصوبے صوبائی حکومت سرکاری طور پر جبکہ 1400منصوبے پرائیویٹ سیکٹر میں مکمل کئے جائیں گے جن کی تکمیل کے بعد تقریباً 10لاکھ ان لوگوں کو سستی بجلی فراہم ہوگی جنہوں نے اب تک بہت کم بجلی دیکھی ہے اور یہ بجلی 24گھنٹے بلا تعطل جاری رہے گی ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ منصوبہ چار سال میں 20ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا اور اس سے صوبے کو سالانہ اڑھائی ارب روپے آمدن ہوگی۔وزیراعلیٰ نے انکشاف کیا کہ آئندہ مارچ سے کالام میں سڑکوں ،پارکوں اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی پر 50کروڑ روپے کی لاگت سے کام شروع کئے جائیں گے اور کالام کو نتھیا گلی کے برابر لایا جائے گا،انہوں نے کہا کہ کالام تا مہوڈھنڈ روڈ پر کام بھی آئندہ مارچ میں شروع کیا جائے گا ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سکولوں میں بڑی حد تک اساتذہ کی کمی پوری کی گئی ہے اور جو کمی باقی ہے وہ آئندہ چند ماہ میں میرٹ کے تحت پوری کی جائے گی ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت میں کسی بھی سرکاری ملازم کے لیے غفلت کی مہلت نہیں خواہ اس کا تعلق پولیس ،محکمہ صحت،محکمہ تعلیم یاکسی اور محکمہ سے ہو۔انھوںنے کہا کہ صوبائی حکومت نے تمام محکموں میں میرٹ اور شفافیت نافذ کی ہے اور اب کسی آفیسر کو سرکاری ٹھیکہ چوری چھپے دینے کی گنجائش باقی نہیں کیونکہ ٹینڈر انٹرنیٹ کے زریعے عوا م تک پہنچ جاتے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ ایک فلاحی حکومت میں غریب عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جیسے بجلی میں آسانی ،سرکاری دفاتر میں عوام سے عزت کا سلوک ،ہر محکمہ میں میرٹ پر کام اور خصوصاً غریبوں کے بچوں کے لیے بہترین معیارکی تعلیمی اور دیگر سہولیات فراہم کرنا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی20اضلاع میں ڈاکٹروں کی 100فی صد کمی پوری کردی گئی ہے اور چند سپیشلسٹوں کی کمی ہے جو عنقریب پوری کر دی جائے گی ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ حکومتیں منصوبوں کا صرف اعلان کرتی تھی جبکہ ان منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم نہیں کرتی تھیں جبکہ ان کی حکومت اس وقت تک منصوبے کا اعلان نہیں کرتی جب تک تمام انتظامات مکمل نہ ہوں ۔اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے بھی خطاب کیا اور صوبے اور ملک کے حالات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے عمران خان کے ہمراہ 84میگاواٹ گورکین ۔مٹلتان ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تختی کی نقاب کشائی کرکے باضابطہ افتتاح کیا۔

متعلقہ عنوان :