گجرات، ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ کا متعدد پرائیویٹ سکولز کی رجسٹریشن کیلئے غلط رپورٹ دینے کا سخت نوٹس

انسپکشن کمیٹیوں کے رکن ایجوکیشن افسران کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایات جاری

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:22

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے متعدد پرائیویٹ سکولز کی رجسٹریشن کیلئے غلط رپورٹ دینے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکشن کمیٹیوں کے رکن ایجوکیشن افسران کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایات جاری کر دیں، آئندہ سکولوںکی رجسٹریشن تین سال کیلئے کی جائیگی جبکہ ارکیٹکٹ بھی تین سال کیلئے ہی بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کریں گی۔

ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پرائیویٹ سکولز رجسٹریشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میںڈی ایم او قار خاں ، ای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف ، محمد فاروق ، شہزادہ عبدالمجید شادابیہ ، شہزادہ زین مجید ، طارق جاوید چوہدری ، شہزادہ شہزاد شفیق و دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس میں مجموعی طور پر 26پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن کے کیس پیش کئے گئے تاہم ان میں سے بیشتر کی رپورٹس غیر تسلی بخش تھیں ، ڈی سی او نے ان رپورٹس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ایم او وقار حسین خان اورای ڈی او ایجوکیشن طاہر کاشف کو 18 سکولوں کی خود انسپکشن کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

(جاری ہے)

انہوںنے ای ڈی او ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ غلط رپورٹس دینوالے ایجوکیشن افسران کو وہ خود اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کریں اور محکمانہ کاروئی عمل میںلائی جائے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ کسی بھی سکول کی رجسٹریشن کے لئے سائنس لیب، کمپوٹر لیب اور لائبرئری لازمی ہے ، سکول کا رقبہ بھی مقررہ حد سے کم نہیں ہونا چاہیے اور وہاں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کی تعداد کے مطابق ٹائلٹس بلاک، روشنی اور سکیورٹی کا بھی انتظام لازمی ہوگا۔