حکمرانوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر ایک بار پھر پٹرول بم گرا دیا ہے،میاں فرخ حبیب

جمعہ 2 دسمبر 2016 20:22

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری تحریک انصاف میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر ایک بار پھر پٹرول بم گرا دیا ہے ۔ دنیا میں پٹرولیم مصنوعات قیمتیں میں تیزی سے کمی آرہی ہے جبکہ حکمرانوں نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے الٹی گنگا بہا کر غریب عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میاں برادران حکمرانی کے قابل نہیں ہیں وہ حکمرانی نہیں بلکہ کاروبار اور لوٹ مار کے ملک کو کنگال کرنے میں مصروف ہیں ۔ انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ کرتے ہی انہوں نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کرکے ورزاء اور ارکان اسمبلی کی تنخواہوں کا سارا بوجھ 20 کروڑ عوام پر ڈال دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھوک اور افلاس کے مارے ہوئے عوام پر پٹرولیم منصوعات کا ٹیکس لگا کر وزراء اور اراکین اسمبلی کو نواز نا ظلم کی انتہا اور ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزراء اور ارکان اسمبلی کروڑوں اور اربوں کی جائیدادوں اور بینک اکائونٹس کے مالک ہیں ۔ کرپٹ حکمران نے انہیں معاشرے کی غریب ترین شخصیات ثابت کرکے ان کی تنخواہوں میں لاکھوں روپے کا اضافہ کر دیا جس کا ان امیرترین شخصیات کا سارا بوجھ غریبوں پر بڑے گا ۔

انہوں نے کہا کہ وزراء اور اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ سرا سر ناانصافی ہے جبکہ مقروض قوم کے غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیںانہوں نے کہاکہ ارکان اسمبلی اوروزراء کی تنخواہوں میں ڈیڑھ سو فیصد اضافہ کرکے ان لوگوں کو ووٹ دینے والی عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے اس اضافہ کو فوری کالعدم قراردیا جائے کیونکہ ارکان اسمبلی کی تنخواہیں پہلے ہی بہت زیادہ ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ دوسری مراعات لاکھوں تک جاتی ہیں جبکہ دوسری جانب پنجاب میں گیس نرخوں میں اضافہ کے باعث انڈسٹری بند ہورہی ہے مگر حکمران چین کی بانسری بجانے میں مصروف ہے ‘ صنعتی وتجارتی ترقی کا پہیہ جام ہوچکا ہے جس کے ذمہ دار نااہل حکمران ہیں