وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کاخصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

جمعہ 2 دسمبر 2016 19:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام میںخصوصی افراد کی عزت و تکریم اور ان کا خیال رکھنے کا خصوصی طور پر حکم دیا گیا ہے۔ معاشرے میں خصوصی افراد کے حوالے سے سیاسی ، سماجی،معاشی اورثقافتی وقار کا شعوراورآگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔خصوصی افراد نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور محنت و لگن سے معذوری کو شکست دیکر معاشرے میں اپنا مقام بنایا ہے۔

خصوصی افراد بھی نارمل افراد کی طرح ملک و قوم کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خصوصی افراد کے تحفظ حقوق کا عالمی دن منانے کا مقصد انہیں درپیش مسائل اجاگر کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگرخصوصی افراد کو آگے بڑھنے کے بہتر مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ ملک کی تعمیر وترقی میں موثر کردارادا کرسکتے ہیں۔

خصوصی افراد کی کفالت، نگہداشت اور انہیں مساوی ترقیاتی مواقع دینا کسی بھی معاشرے کے صحت مند ہونے کی دلیل ہوتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ذہنی و جسمانی طور پرخصوصی افراد دیگر معاشرے کی نسبت زیادہ توجہ کے مستحق ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے خصوصی بچوں کی بحالی ،نگہداشت اورتعلیم و تربیت کے لیے متعددٹھوس اقدامات کیے ہیں اور خصوصی افراد کی بہتر نگہداشت اوربحالی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

خصوصی بچوں کی بحالی کے اداروں میں تعلیم و تربیت کی سہولتوں کو بہتر بنایا گیا ہے۔صوبے میں خصوصی افراد کے لیے نوکریوں میں خصوصی کوٹہ بھی متعین ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ خصوصی افراد کو معاشرے میں ان کاجائزحق اور با وقار مقام دلانے کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا کردارادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ سپیشل بچے خصوصی صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں،اگر اساتذہ ان کی صلاحیتوں کو بہتر طریقے سے اجاگر کریں گے تو یہ معاشرے کی بہتری کے لئے موثر کردار ادا کرسکتے ہیں۔ آج کا دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ خصوصی افراد کی بحالی ، ان کو معاشرے کا مفید رکن بنانے کے حوالے سے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔