ڈاکٹر عافیہ انسانی تجارت جیسے گھنائونے فعل کی متاثرہ ہے، ان کو 86سال کی ظالمانہ سزا سنا کر جبری غلام بناکر امریکی جیل میں رکھا گیا ہے،پاکستان کے دیہاتوں میں بچوں اور عورتوں کی جبری غلامی عام ہے ،پارلیمنٹ میں قانون سازی کی طرف توجہ نہیں دی جارہی ہے

عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا غلامی سے نجات کے عالمی دن کے موقع پر بیان

جمعہ 2 دسمبر 2016 19:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 دسمبر2016ء) ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ انسانی تجارت جیسے گھنائونے فعل کی بھی متاثرہ ہے، ڈاکٹر عافیہ کو 2 ریاستوں کے حکمرانوں کے گٹھ جوڑ کے ذریعے انسانی تجارت، جنسی استحصال ، معصوم بچوں سمیت اغواء، جبری قید اور انسانیت سوز تشدد کے بعد جعلی اور جھوٹے مقدمہ کے ذریعے ایک انسان کی اوسط عمر سے زیادہ 86 سال کی ظالمانہ سزا سنا کر جبری غلام بناکر امریکی جیل میں رکھا ہوا ہے۔

جمعہ کو غلامی سے نجات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں فوزیہ صدیقی نے کہاکہ اقوم متحدہ کی قرارداد کے تحت ہرسال غلامی کے خاتمے کیلئے عالمی دن منانے کی جو وجوہات بیان کی گئی ہے ان میں سے اکثر کی ڈاکٹر عافیہ متاثرہ ہے۔

(جاری ہے)

عالمی سطح پر ایسے قوانین موجود نہیں ہیں جس کے ذریعے کسی متاثرہ کو انصاف دلایا جاسکے۔ڈاکٹر فوزیہ نے مزید کہا کہ موثر قوانین نہ ہونے کے باعث سب سے زیادہ بچے اور خواتین جبری غلامی کا شکار بنتے ہیں۔

پاکستان کے دیہاتوں میں بچوں اور عورتوں کی جبری غلامی عام ہے۔پارلیمنٹ میں قانون سازی کی طرف توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کی فضیلہ سرکی چھ سال کی عمرمیں اغواء ہوئی تھی جسے 9 برس سے جبری غلام بنا کر رکھا گیا ہے۔جرگہ کے فیصلے کے باوجود فضیلہ سرکی کے والدین اپنی بیٹی کی بازیابی کیلئے مارے مارے پھررہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا سندھ اور وفاق کے حکمران اس بات کی گارنٹی دے سکتے ہیں کہ فضیلہ کی عصمت وڈیرے کی حویلی میں محفوظ رہی ہوگی فضیلہ سرکی جیسے بے شمارکیس موثر قانون سازی نہ ہونے کے باعث منظر عام پر نہیں آتے۔

انہوں نے مطالبہ کیا فضیلہ سرکی کو فوری بازیاب کرایا جائے۔ غلامی کے خاتمے کیلئے بین الاقوامی دن کے موقع پر 86 روزہ ’’ڈاکٹر عافیہ رہائی علامتی بھوک ہڑتال کیمپ‘‘ کے شرکاء نے کراچی پریس کلب کے باہراحتجاجی مظاہرہ میںڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی اور فضیلہ سرکی کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا،جبکہ عافیہ موومنٹ کی رضاکار خواتین عذرا امجد، نسرین کوثر، امین بی بی، فوزیہ ابراہیم، روبینہ، نذیرہ بی بی،عابدہ پروین، شمیم اختر، ارم بی بی، ساجدہ پروین،بسمہ، عروج فاطمہ، فہر امجد، امام حسین ہمدم، عدنان بھٹی و دیگر نے ڈاکٹر عافیہ کی جلد وطن واپسی کیلئے علامتی بھوک ہڑتال میں 76 ویں دن بھی تلاوت، ذکرواذکار اور دعائوں کا سلسلہ جاری رکھا۔