شہر کے مختلف علاقوں میں نئی تعمیر مسافر انتظارگاہوں اوربس شیڈز میں لائٹنگ کو 10دسمبر تک ہر صورت مکمل کیا جائے ‘عبداللہ خان سنبل

ایل ٹی سی کے ساتھ ساتھ متعلقہ ٹی ایم ایز مسافر انتظارگاہوں پر لگنے والے پوسٹرز کو ختم کریں اور باقاعدگی کے ساتھ اس کو چیک کریں‘کمشنر لاہورڈویژن

جمعہ 2 دسمبر 2016 19:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء) جیل روڈ، مین بلیوارڈ، ایم ایم عالم روڈ، کینال روڈ، گڑھی شاہو و دیگر علاقوں میں نئی تعمیر مسافر انتظارگاہوں (بس شیڈز) میں لائٹنگ کو 10دسمبر تک ہر صورت مکمل کیا جائے اور پھر باقاعدگی سے ان کو مستقل پیمانوں پر بحال رکھا جائے۔ مختلف سڑکوں پر موجود لائٹس پولز کی صفائی کا مستقل انتظام کیا جائے۔

کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار مختلف روڈ پر نئے تعمیر شدہ بس شیڈز (مسافر انتظارگاہوں) میں روشنی کے مستقل انتظام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر عثمان خالد، اے سی جنرل منور بخاری سمیت پی ایچ اے، ایل ٹی سی کے افسران و ٹی ایم اوز نے شرکت کی۔کمشنر لاہور ڈویژن عبدالله خان سنبل نے واضح کیا کہ ایل ٹی سی کے ساتھ ساتھ متعلقہ ٹی ایم ایز مسافر انتظارگاہوں پر لگنے والے پوسٹرز کو ختم کریں اور باقاعدگی کے ساتھ اس کو چیک کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 10دسمبر تک لاہور کی مختلف سڑکوں پر تعمیر شدہ 28مسافر انتظار گاہوں میں روشنی کا مستقل انتظام کیا جائے۔ انہوں نے ایل ٹی سی کے ساتھ متعلقہ ٹی ایم ایز کو ہدایت کی کہ مسافر انتظارگاہوں میں پوسٹرز کو آویزاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں جبکہ وہاں پر کسی ریڑھی وغیرہ کو بھی نہ آنے دیں۔ نئی تعمیر شدہ مسافر انتظارگاہوں کو شام کے بعد مکمل طور پر روشن ہونا چاہیے تاکہ یہ جس مقصد کے لیے بنی ہیں اس کا فائدہ مسافروں کو بہترین انداز میں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نئی مسافر انتظارگاہیں بہترین و جدید ڈیزائنز پر تعمیر کی گئی ہیں جس کا ایک مقصد شہر کی خوبصورتی میں اضافہ بھی ہے۔