Live Updates

عمران خان کے پاس الزامات کے سوا کچھ نہیں بچا ، پانامہ لیکس کے غبارے سے ہوا نکل رہی ہے ‘ حمزہ شہباز

مینار پاکستان کے سائے تلے پورا ملک متحد ہے ،پاکستان کی عدالتیں بھی آزاد ہیں ،کوئی کسی کا بھی حق سلب نہیں کرسکتا سیاست میں اخلاقیات کی روایت کو برقرار رکھنا چاہیے ،بلاول بھٹو کو بھی اخلاقیات سیکھ لینی چاہئیں ‘ گل دائودی کی نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 2 دسمبر 2016 19:42

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز نے کہاہے کہ عمران خان کے پاس الزامات کے سوا کچھ نہیں بچا ، پانامہ لیکس کے غبارے سے ہوا نکل رہی ہے ، مینار پاکستان کے سائے تلے پورا ملک متحد ہے جبکہ پاکستان کی عدالتیں بھی آزاد ہیں اور کوئی کسی کا بھی حق سلب نہیں کرسکتا ،سیاست میں اخلاقیات کی روایت کو برقرار رکھنا چاہیے اور بلاول بھٹو کو بھی اخلاقیات سیکھ لینی چاہئیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گریٹر اقبال پارک میں گل دائودی کی نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان کو وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھنے اور شیروانی پہننے کی جلدی ہے لیکن انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم بننے کیلئے جیلیں کا ٹنی پڑتی ہیں ۔

(جاری ہے)

عمران خان احتساب کی بہت باتیں کر تے ہیں لیکن انہیں چاہیے کہ پہلے اپنے دائیں بائیں بیٹھنے والوں کا احتساب کریں ،انہوں نے پہلے بھی دھاندلی کے الزامات لگائے لیکن جو ڈیشل کمیشن نے ان کے الزامات مسترد کر دئیے ،عمران خان کے پاس الزامات کے سوا کچھ بھی نہیں بچا ، ان کے دھرنے کی وجہ سے ہی چینی صدر کا دورہ التوا کا شکار ہوا ۔

انہو ں نے کہا کہ پانامہ لیکس سے اب ہوا لیک ہونے لگ گئی ہے ،پانامہ لیکس کا معاملہ عدالت میں ہے اور عدالتیں اپنے فیصلوں مکمل طورپر آزاد اور بااختیار ہیں ۔مینار پاکستان کے سائے تلے پورا ملک متحد ہے اور کوئی کسی کا بھی حق سلب نہیں کرسکتا۔حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ سیاست میں اخلاقیات کی روایت کو برقرار رکھنا چاہیے اور بلاول بھٹو کو اخلاقیات سیکھ لینی چاہئیں ۔ ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ہم نے جو وعدے کیے تھے وہ2018ے تک پورے کریں گے،مضبوط جمہوریت پاکستان کا مقدربننے جارہی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات