مکھن، گوشت یا کریم میں پائی جانے والی چربی سے فالج، امراض قلب یا ذیابیطس کا خطرہ نہیں بڑھتا،ماہرین

جمعہ 2 دسمبر 2016 19:35

اوٹاوا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) کینیڈا کے ماہرین کا کہنا ہے کہ مکھن، گوشت یا کریم میں پائی جانے والی چربی سے فالج، امراض قلب یا ذیابیطس کا خطرہ نہیں بڑھتا۔ میک ماسٹر یونیورسٹی آف کینیڈا کے ماہرین صحت کی جانب سے جاری کردہ جدید تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق مارجرین کے مقابلے میں مکھن، گوشت یا کریم میں پائے جانے والی چربی سے فالج، امراض قلب یا ذیابیطس کے بڑھنے کے خطرات نہیں ہیں اور نہ ہی یہ ہلاکت کا سبب بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ماہرین غذائیت لوگوں کو حیوانی چربی سے گریز کا مشورہ دیتے ہیں تاہم اب تک کی سب سے بڑی اس کینیڈین تحقیق میں کہا گیا ہے کہ مکھن اور گوشت میں پائی جانے والے چربی سے فالج، امراض قلب یا ذیابیطس کا خطرہ نہیں ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مارجرین کے زیادہ استعمال سے موت کا خطرہ 34 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرانس فیٹس میں کسی قسم کے طبی فوائد موجود نہیں اور یہ امراض قلب کا خطرہ نمایاں کرسکتے ہیں جبکہ سچورٹیڈ فیٹس (مکھن یا گوشت کی چربی)میں یہ بات واضح نہیں۔تاہم محققین کا کہنا تھا کہ ان نتائج کا مطلب یہ نہیں کہ لوگ سچورٹیڈ فیٹس کا استعمال بہت زیادہ کردیں کیونکہ انہیں اس کے زیادہ مقدار میں استعمال سے بھی صحت کے لیے فوائد کے شواہد نہیں ملے۔