محسن انسانیت ،امام الانبیاء حضرت محمد مصطفیؐ کی آمد پوری کائنات کیلئے خوشیوں کا پیغام لاتی ہے، ان کے نفاذ کے بغیر ملک کی تقدیر سنور نہیں سکتی

ْپاکستان مشائخ وعلماء کونسل کے مرکزی چیئرمین پیر سید سیف اللہ خالد گیلانی او دیگر کا خطاب

جمعہ 2 دسمبر 2016 19:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 دسمبر2016ء) پاکستان مشائخ وعلماء کونسل کے مرکزی چیئرمین پیر سید سیف اللہ خالد گیلانی ،پیر سید فدا حسین شاہ زنجانی قادری اور علامہ مفتی محمد شاہد چشتی نے کہا ہے کہ محسن انسانیت ،امام الانبیاء حضرت محمد مصطفیؐ کی آمد پوری کائنات کے جن و انسان سبھی کیلئے خوشیوں کا پیغام لاتی ہے ۔سرکار دوعالمؐ کی جلوہ گری سے کائنات ایسی منور ہوئی کہ اندھیرے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے چھٹ گئے اور کفروشرک ،جہالت و گمراہیوں کا خاتمہ ہوا۔

آپؐ کی آمد سے کائنات کی جان میں جان آئی اور بے سہارا،دکھی ،مجبور ،غلاموں کو آزادی نصیب ہوئی عید میلاد النبیؐ امن و محبت اور بھائی چارے کا پیغام بن کرآتی ہے اس خوشی اور مسرت کے دن عالم اسلام کے مسلمان اپنے رب کی طرف دنیا کی سب سے بڑی نعمت ملنے کی خوشی میں عید کو خوشیاں مناتے ہیں اور عشاقان رسولؐ کے نزدیک یہ سب سے بڑی عید کا درجہ رکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

وہ موضع بھڈال کے مقامی میرج ھال میں منعقدہ محفل میلاد مصطفیؐ سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ میلاد مصطفیؐ سے محبت کرنے والے ربیع الاول کے مقدس ماہ میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کیلئے جدوجہد کرنے کا عہد کریں کیونکہ نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے بغیر ملک کی تقدیر سنور نہیں سکتی اور یہی وہ نظام ہے کہ جو زندگی کے تمام شعبوں میں مکمل رہنمائی فراہم کرتا ہے ۔

پیر سید محفوظ الحسنین شاہ جماعتی نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے یہ ملک رسول اللہ ؐ کی محبت میں اللہ اور اس کے پیارے حبیبؐ کے احکامات کی پیروی کیلئے حاصل کیاتھاآج ضرورت اس امر کی ہے کہ محبت رسولؐ کو عام کیا جائے اور نوجوان نسل کو آپؐ کے سیرت و کردار سے روشناس کروایا جائے تبھی ملک میں نظام مصطفیؐ کی راہ ہموار ہوگی اور نفرتوں ،کدورتوں کا خاتمہ ہوگا۔محفل سے پیر سید اکبر علی شاہ ،چوہدری محمد اسلم گوندل،محمد انس خان جماعتی ،قاری محمد ابوبکر چشتی نعیمی ،حاجی محمد افضال،محمد شہزاد گوندل اورمحمد بلال سرور قادری و دیگرنے بھی خطاب و ہدیہ نعت پیش کیا۔