’’میںکوںہونہار بالاں دے والدین کوں مل تے وڈی خوشی تھئی اے‘‘

وزیراعلیٰ کی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں پیف سکالرز کے والدین سے سرائیکی میں گفتگو وزیراعلیٰ نے کم وسیلہ ہونہار پیف سکالرز کو ان کی محنت پر گلے لگایااورپیار کیا

جمعہ 2 دسمبر 2016 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے آج بہاولپور کا دورہ کیااور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور بغدادالجدید کیمپس میں پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کی تقریب سے کلیدی اورجذباتی خطاب کیا۔ انہوںنے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے آغاز کے حوالے سے پس منظر بیان کیااوربتایا کہ اس عظیم کارخیر کا خیال انہیںجدہ میںغریب الوطنی کے دوران ایک سعودی ڈرائیورکی اپنے بچوں کو سعودی حکومت کی مکمل مالی معاونت سے تعلیم دلوانے پر آیا۔

برطانیہ میں ایک ہیئر ڈریسر کی بچی کی کیمرج یونیورسٹی میں میرٹ پر وظیفہ حاصل کر نے کی داستان نے ان کے اس عزم کو مزیدتقویت دی۔وزیراعلیٰ نے تقریب کے دوران پیف سکالر شپ حاصل کرنیوالے نذیر احمدکے بیلداروالد محمد رمضان کو گلے لگایا اوران سے سرائیکی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد رمضان’’کوں مل تے میکوں وڈی خوشی تھئی اے‘‘۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے اسلامیہ یونیورسٹی جس کے 2ہزار طلبہ کو پیف سکالرشپ پروگرام کے ذریعہ 26کروڑ روپے کے وظائف دیئے جا چکے ہیں کے ایک طالبعلم نذیر احمد اور اسکے والد کی کامیابی کی داستان سننے کے بعدکہا کہ پیف سکالر شپ نے نہ صرف نذیر احمد ،محمد اعجاز ،آصفہ کنول اورنائلہ انوش جیسے طلباوطالبات کوسکالر شپ بلکہ ان جیسے لاکھوں طلبہ کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے پیف سکالر شپ کے ذریعہ الیکٹریکل انجینئر بننے والی نائلہ انوش کے ملک سے لوڈ شیڈنگ کے اندھیرے کو دور کرنے کے عزم کو سراہا۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اپنی نشست سے اٹھ کرپیف سکالرز کو خوش آمدید کہا۔ وہ محمد اعجاز، ڈاکٹر عثمان، نذیر احمداوردیگرپیف سکالرز سے گلے ملے جبکہ انہوں نے پیف سکالر آصفہ کنول اور ان کی بیوہ والدہ کے سر پر دست شفقت رکھا اور وہ کافی دیرتک ان کیساتھ محو گفتگو رہے۔