سندھی میڈیا کی جانب سے چار دسمبر پر ثقافتی دن منانے کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں

جمعہ 2 دسمبر 2016 18:55

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) سندھی میڈیا کی جانب سے چار دسمبر پر ثقافتی دن منانے کے حوالے سے تیاریاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں نیو لاڑکانہ سوسائٹی کے زیر میزبانی شہر کے دودائی روڈ پر مچ کچھری کا اہتمام کیا گیا جس میں سندھ کے نامور گلوکاروں منظور سخیرانی، نادر لاشاری، الطاف سموں اور دیگر نے مختلف گیت پیش کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میزبانوں گلفام سانگی اور دیگر نے کہا کہ سندھ ہزاروں سال پرانی تہذیب رکھنے والی قوم ہے اور ہمیں اپنی ثقافت سے بے حد پیار ہے، ہم اس دن کو جوش اور جذبے سے منائیں گے۔ دوسری جانب لاڑکانہ مشاورتی کونسل کی جانب سے اجرک اور ٹوپی پہنانے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مامو رمضان، قادربخش کمانگر، سجاد لولائی، وکیل عبدالرحمٰن بھٹو، میڈم بلقیس چانڈیو اور دیگر نے کہا کہ سندھی ثقافت ہماری شان ہے۔ انہوں نے کہا کہ زبان اور ثقافت سے قومیں پہنچانی جاتی ہیں جس کے لیے ہماری شناخت سندھی ثقافت ہے۔ اس موقع پر آئے ہوئے مہمانوں کو ٹوپی اور اجرک کے تحائف پیش کرتے ہوئے مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔