کلومیٹر لمبی مٹہ تا فاضل بانڈہ روڈ پرایک ہفتے کے اندر کام مکمل کیا جائے گا،صوبائی وزیر محمود خان

جمعہ 2 دسمبر 2016 18:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء)خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل، ثقافت، میوزیم اور امور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ 24 کلومیٹر لمبی مٹہ تا فاضل بانڈہ روڈ پر ایک ہفتے کے اندر اندر تعمیراتی کام مکمل کیا جائے گا جس سے سینکڑوں دیہاتوں میں بسنے والے لوگوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر ہونگی ۔ان خیالات کا اظہار اانہوں نے پشاور میں حلقہ نیابت سے تعلق رکھنے والے ایک بیس رکنی وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

واضح رہے کہ مذکورہ سڑک کی تعمیر علاقے کی عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جو موجودہ پی ٹی آئی صوبائی حکومت نے پورا کیا۔اس موقع پر وفد نے صوبائی وزیر کو اپنے مسائل و مشکلات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔وزیر موصوف نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے جملہ مسائل حل کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کریں گے ۔

(جاری ہے)

محمود خان نے کہا کہ انتخابات کے دوران حلقے کے عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو ایفا کیا ہے اور حلقے میں اربوں روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے سیاسی مخالفین تعصب اور نفرت کی عینک اتار کر حقیقی آنکھوں سے دیکھ لیں تو ان کو موجودہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی ترقیاتی منصوبوں کا اچھی طرح اندازہ ہو جائے گا۔انہوں نے بعض مفاد پرست سیاستدانوں سے کہا کہ وہ ویلج کونسل چپریال میں غیر جماعتی انتخابات میں کامیابی پر اپنی سیاسی دکان نہ چمکھائیں، انشاء الله آئندہ 2018کے عام انتخابات میں بھی پی ٹی آئی مخالفین کو عبر ت ناک شکست سے دوچا رکر ے گی ۔ وفد نے مسائل کے حل میں گہر ی دلچسپی لینے پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔