کراچی، جامعہ کراچی کی خراب بس سروس کی کوریج کرنے کی پاداش ، یونیورسٹی انتظامیہ نے نجی ٹی وی کی ٹیم کو یرغمال بنالیا

کیمرے ، گاڑی کی چابیاں اور موبائل چھین کر ٹیم کو ایک کمرے میں بند کر دیا

جمعہ 2 دسمبر 2016 18:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 دسمبر2016ء) جامعہ کراچی کی خراب بس سروس کی کوریج کرنے کی پاداش میں یونیورسٹی انتظامیہ نے نجی ٹی وی کی ٹیم کو یرغمال بنالیا ، کیمرے ، گاڑی کی چابیاں اور موبائل چھین کر ٹیم کو ایک کمرے میں بند کر دیا۔ نجی ٹی وی کی ٹیم کراچی یونیورسٹی کی بس سروس کی خراب حالت زار کی کوریج کیلئے یونیورسٹی پہنچی تو یونیورسٹٰی کے اسٹاف نے ٹیم کے ارکان سے بدتمیزی کی ، کیمرے اور موبائل چھین کر انہیں ایک کمرے میں بند کر دیا۔

اسٹاف نے نجی ٹی وی کی ٹیم سے خراب شٹل سروس کی بنائی گئی فوٹیج بھی چھیننے کی کوشش کی۔ دوسری جانب اس تمام واقعے کی خبرنشر ہوئی تو ایک گھنٹے بعد تمام صحافیوں کو آزاد کر دیا گیا ، اس حوالے سے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر معظم کا کہنا ہے کہ تمام معاملے کی انکوائری کی جائے گی اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہوا غلط فہمی کی بنا پر ہوا ، ان کا کہنا تھا کہ اپنے محدود وسائل کے باوجود تمام طلبہ کو ضروری سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ واقعے کی مکمل انکوائری کرائی جائے گی اور تمام متعلقہ افراد سے پوچھ گچھ بھی ہوگی۔ کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر نے پروفیسر شہاب الحسن کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی بنا دی ، ڈاکٹر قیصر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ تمام واقعے کی مکمل انکوائری کی جائے گی اور جو بھی اس واقعہ میں ذمہ دار ثابت ہوا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :