ویٹرنری میڈیکل سٹورز /کلینکس پر مستند عملے کی تعیناتی کا مطالبہ

جمعہ 2 دسمبر 2016 18:09

راولپنڈی۔02 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء)ضلع راولپنڈی کے مویشی پال حضرات نے ویٹرنری میڈیکل سٹورز /کلینکس پر مستند عملے کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے ۔مویشی پال حضرات کاکہنا ہے کہ راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں ویٹرنری میڈیکل سٹورز /کلینکس پر نان ٹیکنیکل سٹاف کے باعث مویشیوں کی اموات میں اضافہ ہو گیا۔

(جاری ہے)

پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح راولپنڈی ضلع کے متعدد علاقوں گوجر خان ،چکوال ،ملہال مغلاں ،کہوٹہ ،جنڈ ،اٹک ،چکری و دیگر علاقوں میں قائم ویٹرنری میڈیکل سٹورز /کلینکس کا غیر تربیت یافتہ عملہ مبینہ طور پر ویٹرنری ڈاکٹر ز کی طرح کام کر رہاہے اور مویشی پال حضرات کو بلاتحقیق مختلف انجکشن اور ادویات تجویز کرنے لگے ہیں ۔

ان ویٹرنری میڈیکل سٹورز /کلینکس کے بارے میں چیک اینڈ بیلنس کے فقدان کے باعث مویشیوں کی ہلاکت اور ان میں بیماریوں کے پھیلائو کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں ۔ مویشی پال حضرات کاکہنا ہے کہ ویٹرنری میڈیکل سٹورز /کلینکس کے لیے سخت ضابطہ اخلاق مرتب کیا جائے اور ایسے تمام سٹورز پر قابل اور مستند عملے کی تعیناتی کو یقینی بنایاجائے ۔ان شکایات کے حوالے سے ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک راولپنڈی ڈاکٹر ارشد لطیف ارشد سے رابطہ کی کوشش کی گئی تاھم رابطہ نہ ہو سکا۔