ملکی دفاع کی مضبوطی اور جمہوریت کے فروغ کیلئے پیپلزپارٹی کی قربانیاں بے مثال ہیں‘ ’ مانگ رہا ہے ہرانسان‘ روٹی ‘کپڑا اور مکان‘ کانعرہ آج بھی ضرورت ہے جسے عملی جامہ پہنانے کیلئے چیئرمین بلاول بھٹو کو بڑی سخت محنت کرناپڑے گی

سابق وفاقی مشیر ٹیکسٹائل ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ کا فیصل آباد میں پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب

جمعہ 2 دسمبر 2016 17:54

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 دسمبر2016ء) سابق وفاقی مشیر ٹیکسٹائل ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے کہا ہے کہ ملکی دفاع کی مضبوطی اور جمہوریت کے فروغ کیلئے پیپلزپارٹی کی قربانیاں بے مثال ہیں۔ ’ مانگ رہا ہے ہرانسان، روٹی ،کپڑااور مکان‘ کانعرہ آج بھی ہر ایک کی ضرورت ہے۔ جسے عملی جامہ پہنانے کیلئے چیئرمین بلاول بھٹو کو بڑی سخت محنت کرناپڑے گی۔

حقیقی نظریاتی جیالوں کو تنظیمی امور میں آگے لانا ہوگا۔ پنجاب کی صوبائی قیادت اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز غریب پارٹی ورکروں کی معاشی ضرورتوں اور درپیش مسائل کے حل کیلئے ڈنگ ٹپاؤ پالیسی کی بجائے عملی اقدامات کو ہنگامی بنیادوں پر اولیت دینا پڑے گی۔ صوبہ پنجاب میں میں چیئرمین بلاول بھٹو کو ایک لمبے عرصہ کیلئے بلاول ہاؤس لاہور میں پارٹی سرگرمیوں کیلئے دن رات وقت دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

تاکہ جیالے اپنی آواز ڈائریکٹ اپنے چیئرمین کے سامنے بیان کرسکیں۔ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب پورا پنجاب شہید بی بی کے لخت جگر بلاول بھٹو کے ساتھ 1986کے تاریخی استقبال کی ہرگاؤں ، قریہ قریہ، گلی گلی اور نگر نگر سے پوری قوت سے نکل کر تخت لاہور کے درودیوار کوہلا دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنمامرزا محمود احمد کی رہائش گاہ ناظم آباد پر پارٹی کارکنوں سے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سابق ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات محمد طاہر شیخ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے وجود کا خاتمہ کرنے والے خود صفحہ ہستی سے مٹ گئے اور مٹتے رہیں گے۔ ختم نبوت جیسی عظیم قانون سازی کو آئین پاکستان کا حصہ بنا کر قائد عوام شہید بھٹو نے دین مصطفیٰ ؐ کی ناقابل فراموش خدمت کی ہے جسے ہر مسلمان صدیوں یاد رکھے گا۔ ن لیگ یا کوئی اورلیگ صرف اسلام کا نام استعمال کرتی ہے کام ہمیشہ یہودونصاریٰ کو خوش کرنے والے ہی انجام دیتی ہے۔ اس لئے جب تک سورج چاند رہے گا بھٹو تیرا نام رہے گا۔ ہمیں پارٹی کو دوبارہ ملک بھر میں چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں فعال ومنظم کرنے کیلئے میدان عمل میں آنا ہوگا ۔