پنجاب اسمبلی میں حکومت بھرپو ر کاوشوں سے صرف دوروز ہی کورم پورا رکھی سکی ،جمعہ کے روز اجلاس 20منٹ جاری رہنے کے بعد ملتوی

اگر ہماری تحاریک ، قراردادیں صوابدیدی اختیارات کے تحت مسترد کی جا سکتی ہیں ،ہم بھی اپنی صوابدید استعمال کرسکتے ہیں‘ کورم کی نشاندہی کرنے والے احسن ریاض فتیانہ کی گفتگو سوالات اور تحاریک ایجنڈے پر نہ آنے پراراکین کا اسمبلی سیکرٹریٹ کیخلاف ایوان میں احتجاج ،ڈپٹی سپیکر نے معاملہ خود دیکھنے کی یقین دہانی کر ادی

جمعہ 2 دسمبر 2016 17:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء) پنجاب اسمبلی میں حکومت بھرپو ر کاوشوں سے صرف دوروز ہی کورم پورا رکھی سکی ،جمعہ کے روز اجلاس 20منٹ بعد کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے 5دسمبر (پیر ) کی دوپہر 2بجے تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا جبکہ کورم کی نشاندہی کرنے والے احسن ریاض فتیانہ نے کہا کہ اگر ہماری تحاریک اور قراردادیں صوابدیدی اختیارات کے تحت مسترد کی جا سکتی ہیں تو ہم بھی اسمبلی رولز کے مطابق اپنی صوابدید استعمال کرتے ہوئے ایسا کرتے رہیں گے،سوالات اور تحاریک ایجنڈے پر نہ آنے پراراکین نے اسمبلی سیکرٹریٹ کے خلاف ایوان میں احتجاج کیا۔

گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کا اجلاس مقررہ وقت نو بجے کی بجائے ایک گھنٹہ47منٹ کی تاخیر سے ڈپٹی سپیکر سردار شیر علی گورچانی کی صدارت میں شروع ہوا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ جنگلات، جنگلی حیات وماہی پروری کے محکمے کے سوالات کے جوابات دئیے جانے تھے ۔پیپلز پارٹی کے سردار شہاب الدین نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جس محکمہ کے سوالات کے جوابات دیئے جانے ہیں اس کاوزیر ہی ایوان میں نہیں ۔

جس پر ڈپٹی سپیکرنے کہا کہ پارلیمانی سیکرٹری موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سوالات گزشتہ دو سال سے ایجنڈے پر نہیں آرہے ،ہم عوام کے منتخب نمائندے ہیں اور ان کے مسائل کے لئے ایوان میں آتے ہیں، ہمارا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا کہ حکومتی ممبران کا ہے ۔حکمران جماعت کی خاتون رکن اسمبلی اعظمیٰ بخاری اور (ق) لیگ کی خدیجہ عمر نے بھی اسمبلی سیکرٹریٹ بارے اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ اسمبلی سیکرٹریٹ پر ایک سوالیہ نشان ہے اس طرف خصوصی توجہ دی جائے، اگر ایسا نہ کیا گیا تو احتجاج کریں گے۔

خدیجہ عمر نے کہا کہ ساڑھے تین سال گزر چکے ہیں مجھے ابھی تک کسی قائمہ کمیٹی میں ایڈجسٹ نہیں کیا گیا ۔جس پر ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ ان مسائل کو خصوصی طور پر دیکھوں گا۔ڈپٹی سپیکر نے وقفہ سوالات کا آغاز کرتے ہوئے سوال کے محرک کانام پکار اہی تھا کہ احسن ریاض فتیانہ نے کورم کی نشاندہی کردی۔ڈپٹی سپیکر نے پہلی5منٹ پھر15منٹ کیلئے اجلاس روک دیا لیکن45منٹ کے بعد بھی کورم پورا نہ ہوا جس پر اجلاس 5دسمبر(پیر)دوپہر 2بجے کیلئے ملتوی کر دیا گیا ۔