راولپنڈی ، آنکھوں کے معروف ہسپتال کے ڈائریکٹر ایڈمن کی مریضوں سے بدتمیزی‘ خاتون مریضہ کوگالم گلوچ کرنے پر سول لائن پولیس نے طلب کر لیا ، خاتون سے معافی مانگ لی ، متاثرین کا متعلقہ افسر کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا مطالبہ

جمعہ 2 دسمبر 2016 17:33

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 دسمبر2016ء) راولپنڈی کے آنکھوں کے ایک معروف ہسپتال کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کی مریضوں سے بدتمیزی‘ خاتون مریضہ کو گالیاں دینے پر سول لائن پولیس نے طلب کر لیا جس پر تھانے میں مریضہ خاتون سے معافی مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق مسز رفعت شاہین نامی خاتون نے امانت آئی ہسپتال میں آنکھوں کا معائنہ کروایا اور ڈاکٹرز نے انہیں لینس لگانے کا مشورہ دیا اور ایک دن ہسپتال میں داخل رہیں۔

جب اتفاق سے مریضہ نے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن سے استفسار کیا کہ چارجز بتا دئیے جائیں کیونکہ بل کی ادائیگی ان کے ادارے نے کرنی ہے اور یہ ہسپتال ادارے کے پینل پر ہے جس پر ڈائریکٹر نے بدتمیزی کا مظاہرہ کیا او رکہا کہ جو مریض پینل پر ہوتا ہے ہم اس کو چارجز نہیں بتاتے بل بنا کر بھجوا دیتے ہیں چاہے ہم ادارے سے 2 گنا زیادہ چارج کریں آپ کو اس سے مطلب نہیں ہونا چاہیے جس پر مریضہ نے شدید احتجاج کیا اور کہا کہ آپ کا لب و لہجہ نا مناسب ہے اور اضافی چارجز کسی صورت ادا نہیں کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نے کہاکہ آپ چاہے پی ایم ڈی سی میں جا کر شکایت کریں یا پولیس کے پا س چلے جائیں کوئی ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ مریضہ کے رشتہ داروں نے تھانہ سول لائین میں ڈائریکٹر اشفاق کے رویہ کیخلاف درخواست دیدی ۔ جب متعلقہ تفتیشی افسر نے انہیں تھانے طلب کیا تو انہوں نے وہاں معافی مانگ لی اور عذر کیا کہ وہ بلڈ پریشر کے مریض ہیں لہذا وہ معافی چاہتے ہیں۔ مریضہ کے رشتہ داروں نے ہسپتال کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کیخلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔ …(رانا+ط س)

متعلقہ عنوان :