آرمی چیف کاٹین کور ہیڈکوارٹر ، لائن آف کنٹرول کا دورہ

بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کا پوری طاقت سے بھرپور جواب دیا جائے، جنرل قمرجاوید باجوہ چوکسی کی بلند ترین سطح ہر وقت قائم رکھی جائے، خطے میں پائیدار امن کیلئے کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا ہوگا، بھارتی جارحانہ طرز عمل کا مقصد بھارتی افواج کے مقبوضہ کشمیر میں روا رکھنے جانیوالے مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے،آرمی چیف

جمعہ 2 دسمبر 2016 16:17

آرمی چیف کاٹین کور ہیڈکوارٹر ، لائن آف کنٹرول کا دورہ
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر تعینات فوجیوں کو ہدایت کی ہے کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کا پوری طاقت سے بھرپور جواب دیا جائے، چوکسی کی بلند ترین سطح ہر وقت قائم رکھی جائے، خطے میں پائیدار امن کیلئے کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا ہوگا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کو 10 کور ہیڈکوارٹر راولپنڈی اور لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا ۔ آرمی چیف کو لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں کے تناظر میں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور پاکستانی ردعمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آپریشنل تیاریوں اور سیز فائر کی خلاف ورزی پر بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز کو سراہا، آرمی چیف نے ہدایت کی کہ چوکسی کی بلند ترین سطح ہر وقت قائم رکھی جائے اور کسی بھی نوعیت کی خلاف ورزی کا پوری طاقت سے بھرپور انداز میں جواب دیا جائے۔

چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جارحانہ طرز عمل کاواحد مقصد بھارتی افواج کے مقبوضہ کشمیر میں روا رکھنے جانیوالے مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے دونوں ممالک کے درمیان کشمیر کا بنیادی مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا ہوگا۔ لیفٹیننٹ جنرل ملک ظفر اقبال کمانڈر ٹین کور نے ہیڈکوارٹر آمد پر آرمی چیف کا استقبال کیا اور بعد ازاں لائن آف کنٹرول کے دورے میں ان کے ہمراہ رہے۔