صدرممنون حسین سے بوسنیا اور ہرزوگوینا کے نامزد پاکستانی سفیر کی ملاقات

جمعہ 2 دسمبر 2016 16:08

صدرممنون حسین سے بوسنیا اور ہرزوگوینا کے نامزد پاکستانی سفیر کی ملاقات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 دسمبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بوسنیا اور ہرزوگوینا کے ساتھ مختلف شعبوں کے وفود کا تبادلہ کیا جائے اس طرح تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔وہ بوسنیا اور ہرزوگوینا کے لیے نامزد پاکستانی سفیر لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سلیم نواز سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے ایوانِ صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدرمملکت نے نامزد سفیر کو ان کی نئی ذمہ داریاں تفویض کیے جانے پر مبارک باد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کو قریب لانے کے لیے اخلاص اور محنت کی ضرورت ہے اس کے لیے ضروری ہے کہ دوطرفہ دلچسپی کے مواقع تلاش کیے جائیں۔ صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان اوربوسنیا کے درمیان تعلیم، ثقافت اور دیگر شعبوں میں وفود کے تبادلے میں اضافہ ہونا چاہیے۔ بوسنیا کے طالب علموں کو پاکستانی جامعات میں اسکالرشپس دیے جائیں۔ صدرمملکت نے کہا کہ بوسنیا کو اردگرد کے ممالک کے ساتھ تجارت اور برآمدات کے لیے مرکز بنایا سکتا۔صدر مملکت نے نامزد سفیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار اور ان کی کامیابی کے لیے دعا کی۔ نامزد سفیر نے رہنمائی اور تعاون پرصدرمملکت کا شکریہ ادا کیا۔