چین کی طرف سے کوئٹہ اور پشاور سے کابل تک ریلوے لائن بچھانے کی تجویز

افغانستان تمام ہمسایہ ممالک کیساتھ اچھے مراسم اور دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے ،تجویز کا خیرمقدم کرتے ہیں ، اشرف غنی

جمعہ 2 دسمبر 2016 15:37

چین کی طرف سے کوئٹہ اور پشاور سے کابل تک ریلوے لائن بچھانے کی تجویز
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 دسمبر2016ء) افغان میڈیا کی اطلاعات کے مطابق چین نے پاکستان اور افغانستان کو ملانے کیلئے کوئٹہ ۔ کابل اور پشاور ۔ کابل ریلوے لائن بچھانے کی تجویز پیش کی ہے ۔یہاںجاری کئے جانیوالے ایک اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ یہ تجویز چین کے نائب وزیر بیرونی امور کونگ شوان یو نے رواں ہفتے افغان صدر اشرف غنی کیساتھ ایک ملاقات کے دوران پیش کی ۔

(جاری ہے)

شوان یو نے کہا کہ افغانستان چین کے اقتصادی بیلٹ کیلئے بنیادی اہمیت کا حامل ہے ۔انہوں نے پشاور ، کابل اور کوئٹہ ریلوے کے علاوہ اقتصادی راہداریوں اورعلاقائی تعاون کے بارے میں افغانستان ، چین اور پاکستان کے درمیان سہ فریقی مذاکرات شروع کرنے کی سفارش کی ، کوئٹہ ۔ کابل اور پشاور ۔کابل ریلوے لائنوں کی چینی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے اشرف غنی نے کہا کہ افغانستان پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے مراسم اور دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے ۔