پاکستانی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے، سفیر سپین کارلوس مورالز

دونوں ممالک تجارتی تعاون بڑھانے کیلئے اقدامات کریںعبدالرئوف عالم صدر ایف پی سی سی آئی

جمعہ 2 دسمبر 2016 14:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء)سپین کے سفیر کارلوس مورالز نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو گئی ہے جس کی وجہ سے سرمایہ کاری اور عالمی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستانی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے جس کا اعتراف ساری دنیا کر رہی ہے۔ پاکستان اور سپین کے مابین دو طرفہ تعلقات اور باہمی تجارت بڑھانے کے سنہری مواقع موجود ہیں جسکے لئے دونوں ممالک کی حکومتیں اور نجی شعبہ کوششیں کرے۔

سپین کے سفیر نے یہ بات ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرئوف عالم سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ سپین پاکستان سے تعلقات بڑھانے اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کرنے کا خواہاں ہے جبکہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی وفود کے تبادلے سے تجارت بڑھے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری میں بڑا پوٹینشل موجود ہے اور مواقع ملنے پر وہ اپنا لوہا منوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ایف پی سی سی آئی پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرئوف عالم نے کہا ہے کہ سپین پاکستان کا دوست ملک ہے جہاں لاکھوں پاکستان روزگار کے سلسلہ میں مقیم ہیں جو نہ صرف اپنے خاندان کی کفالت کر رہے ہیں بلکہ سپین کی ترقی میں اہم کردار بھی ادا کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور سپین کے مابین توانائی، ٹیکسٹائل، بینکنگ، مواصلات، ٹرانسپورٹ اور تعمیرات کے شعبہ میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی فضا سازگار ہے جس سے سپین کے سرمایہ کار فائدہ اٹھائیں جبکہ دونوں ممالک کے مابین براہ راست پروازوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے پر غور کیا جائے۔