برازیلی فٹ بال کلب شپے کوئنز کے کھلاڑیوں اور عملے کے سوگ میں تمام میچز میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔فیفا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 2 دسمبر 2016 14:35

برازیلی فٹ بال کلب شپے کوئنز کے کھلاڑیوں اور عملے کے سوگ میں تمام میچز ..

برازیل(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 دسمبر۔2016ء) فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے اعلان کیا ہے کہ کولمبیا میں طیارہ تباہ ہونے کے سبب برازیل کے فٹ بال کلب شپے کوئنز کے کھلاڑیوں اور عملے کے سوگ میں رواں ہفتے ہونے والے تمام میچز میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔برازیل کے فٹ بال کلب شپے کوئنز کے کھلاڑیوں اور جہاز کے عملے سمیت 81 افراد کو بولیویا سے کولمبیا لے جانے والا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔

یہ ٹیم کلب کی تاریخ کے سب سے بڑے میچ کوپا سودا میری کانا کا فائنل کھیلنے کیلئے کولمبیا جا رہی تھی لیکن 19 کھلاڑیوں اور کوچنگ کے عملے سمیت 75 افراد حادثے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ فیفا نے رواں ہفتے میچ کھیلنے والی تمام ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ میں حصہ لیں۔

(جاری ہے)

اس حادثے میں تین کھلاڑیوں سمیت چھ افراد بچنے میں کامیاب رہے جس میں دفاعی کھلاڑی لوشیانو روچیل، ریزرو گول کیپر جیکسن ریگنر فولمین اور سینٹر بیک ہیلیو ہرمیتو نیٹو شامل ہیں۔

نیٹو کو ریڑھ کی ہڈی میں سرجری کی ضرورت ہے جبکہ فولمین کی ایک ٹانگ کاٹنا پڑی اور وہ اپنی دوسری ٹانگ سے بھی محروم ہو سکتے ہیں۔ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ حادثہ ایندھن کی کمی کی وجہ سے پیش آیا۔کلب کے ڈائریکٹر سیسیلیو ہانس نے کہا کہ کلب کو ہلاک کھلاڑیوں کی یاد میں نئے سرے سے کلب کو بنانا ہو گا۔حادثے کے بعد برازیل کے تین صف اول کے کلبوں نے کہا ہے کہ وہ شپے کوئنز کو اپنے کھلاڑی پیش کریں گے۔

ادھر فیفا کے صدر گیانی انفینٹو نے آسٹریلیا کا دورہ ملتوی کردیا ہے اور وہ حادثے میں ہلاک ہونے والے کھلاڑیوں کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔ دوسری جانب بولیویا نے ایندھن کی کمی کے سبب حادثے کا شکار چکار ہونے والے طیارے کی ایئرلائن لامیا کا لائسنس منسوخ کردیا ہے۔حادثے کی تحقیقات کے مطابق طیارے نے جو راستہ اختیار کیا وہ چار گھنٹے اور 22 منٹ طویل تھا اور یہ طیارہ زیادہ سے زیادہ اتنی ہی دیر تک اڑ سکتا تھا حالانکہ عالمی قوانین کے مطابق ایک فلائٹ میں اپنے مقررہ مقام تک پہنچنے کے بعد کم از کم 30 منٹ اڑان کا ریزرو ایندھن ہونا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :