کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 3افرادجاں بحق

جمعہ 2 دسمبر 2016 14:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء) کراچی کے مختلف علاقوں میںفائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 3افرادجاں بحق ہوگئے ہیں۔کراچی کے علاقے عزیز آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جا ن کی بازی ہارگیا، سپر ہائی وے نور محمد گوٹھ کے قریب گھر سے دو افراد کی لاشیں ملیں ہیں، مرنے والے دونوں افراد آپس میں چچا بھتیجا ہیں۔

پولیس حکام سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ عزیز آباد تھانے سے کچھ دور پیش آیا جہاں دو نامعلوم افراد نے گھر کے باہر فائرنگ کرکے نعمان عرف نومی کو قتل کردیا۔پولیس نے نعش قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کردی، پولیس کے مطابق مقتول کارڈیلر تھا اور اس کی گلشن اقبال تیرہ ڈی میں دکان تھی۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں، وقوعہ سے ملنے والے خول کو فارنزک کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔

دوسری طرف سپر ہائی وے نور محمد گوٹھ سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملیں۔ دونوں افراد کے منہ اور ناک سے خون بہہ رہا تھا۔ پولیس کے مطابق ان کی شناخت محرم مغیری اور عرفان مغیری کے نام سے کی گئی ہے۔پولیس نے لاشیں قبضہ میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔ایس ایس پی ویسٹ فیصل عبداللہ چاچڑ کے مطابق محرم مغیری اور عرفان مغیر ی کی لاشیں ملی ہیں جبکہ مرنے والے دونوں افراد آپس میں چچا بھتیجا ہیں۔انہوں نے کہاکہ دونوں افراد کی موت زہر خورانی یا سانپ کے کاٹنے سے ہوئی ہے تاہم معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کیاگیا۔مزید شواہد اکٹھا کرنے کے بعد پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

متعلقہ عنوان :